حیفا میں مظاہرین پر اسرائیلی تشدد کی تحقیقات کی جائیں : یوروپی یونین

بروسیلز۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) یوروپی یونین نے شمالی فلسطین کے شہر حیفا میں دو روز قبل اسرائیلی پولیس کے پرامن مظاہرین پر وحشیانہ تشدد کی شدید مدمت کرتے ہوئے مظاہرین پر تشدد کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوروپی یونین کے خارجی اُمور کے ترجمان نے بروسیلز میں ایک بیان میں کہا کہ حیفا میں اسرائیلی پولیس نے پرامن مظاہرین پر ہولناک تشدد کیا اور انسانی حقوق کی پامالی کی گئی۔انسانی حقوق کے دفاع کیلئے پرامن مظاہرے کرنے والوں پر اسرائیلی پولیس کا تشدد خود انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اسرائیلی حکام نے انسانی حقوق کے مندوب عمر شاکر کا پاسورٹ منسوخ کردیا حالانکہ وہ انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائیٹس واچ کے فلسطین میں مندوب ہیں۔