ریاست میں نظام دور کا احیاء، گنیش جلوس کے پرامن اختتام پر اطمینان: وزیرداخلہ
حیدرآباد 5 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیرداخلہ این نرسمہا ریڈی نے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ فضائی سروے کرتے ہوئے گنیش وسرجن کا جائزہ لیا۔ جلوس پرامن گزر جانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حیدرآباد ہندو مسلم اتحاد، گنگا جمنی تہذیب کا نمونہ ہے۔ علیحدہ تلنگانہ میں حضور نظام کے دور کا احیا ہوا ہے جہاں تمام مذاہب کے عوام عیدیں اور تہوار مل جل کر منارہے ہیں۔ وزیرداخلہ نے آج ایڈیشنل ڈی جی پی انجنی کمار، کمشنر سٹی پولیس مہیندر ریڈی، کمشنر جی ایچ ایم سی جناردھن ریڈی کے ہمراہ فضائی سروے کیا۔ بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ خیریت آباد گنیش کا دوپہر 2 بجے اور بالاپور گنیش کا شام 6 بجے تک وسرجن ہوچکا ہے۔ باقی گنیش مورتیوں کا وسرجن تیزی سے جاری ہے۔ حکومت نے سکریٹریٹ میں گنیش اُتسو سمیتی کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرکے انتظامات کا جائزہ لیا تھا اور جلد وسرجن میں تعاون کی اپیل کی تھی جس کے مثبت نتائج دیکھنے کو ملے ہیں۔ گنیش جلوس کو پرامن بنانے 25 ہزار سے زائد پولیس ملازمین کی خدمات سے استفادہ کیا گیا اور تقریباً 10 ہزار سی سی کیمروں سے جلوس پر نظر رکھی گئی۔ نرسمہا ریڈی نے گنیش جلوس کو پرامن بنانے پر عوام سے اظہار تشکر کیا اور کہاکہ حیدرآباد ہندو مسلم گنگا جمنی تہذیب کا نمونہ ہے۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد حضور نظام کے دور کا احیاء ہوا ہے۔فرینڈلی پولیسنگ سسٹم کامیاب ہورہا ہے۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں ۔ حکومت لا اینڈ آرڈر کی برقراری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ تلنگانہ کو طوفان کا خطرہ ہے نہ زلزلوں کا جس سے متاثر ہوکر کارپوریٹ ادارے اور صنعتکار حیدرآباد و تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی دکھارہے ہیں جس سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہورہے ہیں۔