حیدرآباد کی ترقی تلگودیشم کی مرہون منت

حیدرآباد 13 اپریل (سیاست نیوز) تلگودیشم کے دور حکومت میں حیدرآباد کو آئی ٹی کے مرکز کے طور پر فروغ دیتے ہوئے حیدرآباد کی ترقی میں اہم رول ادا کیا گیا۔ صدر تلگودیشم مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے آج حلقہ اسمبلی مہیشورم میں سابق میئر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر ٹی کرشنا ریڈی کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے اِن خیالات کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ حیدرآباد کی ترقی کے لئے تلگودیشم نے اپنے دور اقتدار میں سخت گیر فیصلے کرتے ہوئے حیدرآباد کو دنیا کے نقشہ پر نمایاں کیا تھا۔ مسٹر نائیڈو نے دعویٰ کیاکہ تلگودیشم پارٹی کے بھارتیہ جنتا پارٹی سے اتحاد کی وجہ ملک میں مستحکم حکمرانی کی فراہمی ہے۔ اِس اتحاد سے تلگودیشم پارٹی کے سیکولر کردار پر کوئی شبہ نہیں کیا جانا چاہئے۔

اُنھوں نے بتایا کہ جس وقت تلگودیشم پارٹی ریاست میں اقتدار پر تھی اُس وقت حیدرآباد سے فرقہ وارانہ فسادات کا خاتمہ کرنے میں بھی حکومت نے اہم کردار ادا کیا تھا اور حیدرآباد کو کرفیو سے پاک شہر بنایا تھا۔ لیکن کانگریس نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد نہ صرف ریاست کو بدعنوانیوں کے ذریعہ تباہ کیا بلکہ کئی مقامات پر فرقہ وارانہ خطوط پر عوام کو منقسم کرتے ہوئے اپنے مفادات حاصل کرنے کی کوشش کی۔ مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے تلگودیشم امیدوار ٹی کرشنا ریڈی کو ایک فعال اور متحرک عوامی نمائندہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ جس وقت مسٹر ٹی کرشنا ریڈی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے میئر تھے اُس وقت دونوں شہروں میں ترقی اور سڑکوں کی کشادگی کے علاوہ شہر کو کلین اینڈ گرین سٹی بنانے میں اہم رول ادا کیا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ مسٹر کرشنا ریڈی کے دور میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو مسلسل قومی سطح کے ایوارڈس حاصل ہوتے رہے۔ اُنھوں نے ریاست کی ترقی کے لئے تلگودیشم کا اقتدار ناگزیر قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ تلگودیشم پارٹی کو ترقی اور امن و امان کی برقراری کے علاوہ بدعنوانیوں سے پاک حکمرانی کے لئے ووٹ دیں۔ مسٹر نائیڈو نے کانگریس اور وائی ایس آر کانگریس پر بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے علاوہ قدرتی وسائل کی تباہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ دونوں سیاسی جماعتوں نے ریاست کو تباہ کرنے کے لئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست میں ہونے والی بدعنوانیوں کی تحقیقات اب سی بی آئی سے ایف بی آئی تک پہونچ چکی ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور میں حکومت نے کس طرح کی تباہی مچا رکھی تھی

جس کے نتیجہ میں ریاست کے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اُنھوں نے بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور تلگودیشم کے انتخابی منشور کا تذکرہ کرتے ہوئے عوام کو اِس بات کا تیقن دیا کہ تلگودیشم پارٹی اقتدار حاصل کرنے کی صورت میں عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرے گی اور اُن کی معاشی و تعلیمی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ مسٹر نائیڈو نے آج دن بھر چلائی گئی انتخابی مہم کے دوران مہیشورم، جلیلہ گوڑہ، سرور نگر ، چیوڑلہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے اِن خیالات کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے عوام کی جانب سے حاصل ہونے والے حوصلہ افزاء ردعمل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ تلگودیشم پارٹی ترقیاتی منصوبوں اور وعدوں پر عمل آوری کے سبب ریاست کے عوام کے دلوں میں جگہ بناچکی ہے۔ اسی دوران صدر تلگودیشم پارٹی این چندرابابو نائیڈو نے آج حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری میں انتخابی مہم میں حصہ لیا۔