حیدرآباد کو عالمی صحت کا مرکز بنانے کا عہد

سن شائن سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کا افتتاح ، چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد یکم مارچ (سیاست نیوز ) چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے آج یہاں مادھا پور کے مقام پر سن شائن سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راو نے کہا کہ حیدرآباد و سکندرآباد میں تمام تر سہولتوں کی فراہمی اس سن شائن ہاسپٹل میں موجود ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ 25 ہزار جوائنٹ ریپلیسمنٹ آپریشنس کرنے کا اس سن شائن ہاسپٹل کو اعزاز حاصل ہے ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو نے سن شائن ہاسپٹل کے ڈاکٹرس کی گرانقدر خدمات کی زبردست ستائش کی اور اس بات کا مشورہ دیا کہ ریاست تلنگانہ کے تمام تر اضلاع تک سن شائن ہاسپٹل کو وسعت دینے کے اقدامات کریں کیونکہ حیدرآباد نہ صرف ملک بلکہ عالمی سطح پر ’’ہیلت ھب‘‘ کا موقف رکھتا ہے ۔ تلنگانہ کے عوام کو بہتر صحت دینے کے لئے حکومت کوشاں ہے۔ جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہی سن شائن ہاسپٹل کی سرگرمیوں کو بھی نچلی سطح تک پہونچاتے ہوئے غریب عوام کیلئے بھی بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کی شدید ضرورت ہے ۔ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے مزید کہا کہ ان کی حکومت عوام کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کے مقصد سے منڈل ایریا و ضلع ہیڈ کوارٹر ہاسپٹلس کو بڑے پیمانے پر ترقی دینے کے اقدامات کررہی ہے۔ اس موقع پر دیگر وزراء اور ڈاکٹرس وغیرہ کثیر تعداد میں شریک تھے ۔