حیدرآباد کو طبی مرکز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ طبی مصارف میں کمی کیلئے جدید آلات کی تیاری پر چیف منسٹر کا زور

حیدرآباد 21 اپریل (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے آج یہاں کہاکہ ان کی حکومت شہر حیدرآباد کو ’صحت و طبابت کے مرکز‘ کے طور پر فروغ دینے سے غیرمعمولی دلچسپی رکھتی ہے۔ مسٹر راؤ نے سرکردہ ڈاکٹرس اور عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس میں ریاست میں ’’اسٹینٹس‘‘ جیسے طبی آلات کی تیاری کی حمایت کی اور کہاکہ ایسے آلات کی تیاری سے طبی مصارف میں کمی ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ اس مقصد کے لئے ان کی حکومت، سرکردہ ڈاکٹروں کی شمولیت کے ساتھ صحت پر مشاورتی بورڈ تشکیل دینا چاہتی ہے۔ کے سی آر نے کہاکہ حیدرآباد میں فی الحال پانچ، چھ کارپوریٹ طبی ادارے صحت و طبابت کی بہتر خدمات فراہم کررہے ہیں۔ ایسے اداروں کو مزید مؤثر سہولتوں کے ساتھ ہیلت کیمپس کے طور پر ترقی دینے کی تجویز ہے جن سے اضلاع بالخصوص دیہی اداروں کے دواخانوں سے آن لائن رابطہ رہے گا۔ اس قسم کے کیمپس کا قیام مختلف وباؤں پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوں گے اور دیگر موقعوں پر بھی کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں جب عوام کی کثیر تعداد کو علاج درکار ہوگا۔