حیدرآباد کو آئی ٹی مرکز بنانے کے اقدامات

وپرو کے چیرمین عظیم پریم جی سے کے چندرشیکھرراؤ کی بات چیت
حیدرآباد ۔ 27 ؍ (جولائی ؍ پی ٹی آئی) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے آج یہاں کہا کہ قومی و بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری کے لئے ان کی ریاست بہت جلد ایک انتہائی سازگار مقام کی حیثیت سے ابھرے گی ۔ مسٹر چندرشیکھرراؤ نے ’’وپرو‘‘ کے چیرمین عظیم پریم جی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انفارمیشن ٹکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں اپنی حکومت کی طرف سے کی جانے والی تبدیلیوں سے واقف کروایا ۔ عظیم پریم جی نے علحدہ ریاست تلنگانہ کے حصول اور نئی ریاست کی پہلی حکومت تشکیل دینے پر کے سی آر کو مبارکباد دی ۔ عظیم پریم جی نے ’وپرو‘ اور اپنی حیدرآباد سے دیرینہ وابستگی کا تفصیلی تذکرہ کیا اور کہا کہ کس طرح ان کی کمپنی کو تلنگانہ میں وسعت دی جائیگی ۔ چندرشیکھرراؤ نے کہا کہ صنعتوں کے قیام کی اجازت کے لئے ان کی حکومت بہت جلد ہر قسم کی رشوت سے پاک و صاف شفاف سنگل ونڈو نظام رائج کرے گی ۔ چیف منسٹر نے کہا ہے حیدرآباد کو انفارمیشن ٹکنالوجی اور 4 جی وائی فائی سٹی کا مرکز بنایا جائیگا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سرمایہ کرنے والی کمپنیوں کے لئے تلنگانہ میں اراضیات کے علاوہ انفراسٹرکچر کی تمام سہولتیں دستیاب رہیں گی جن سے دیگر وسائل سے بھی بھرپور استفادہ کیا جاسکتا ہے۔