مسائل میں روز افزوں اضافہ ‘اعلی عہدیداروں کی ٹیم کی سفارشات پر عمل:وزیر داخلہ
حیدرآباد۔/26مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ حکومت دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے مختلف اقدامات کررہی ہے۔ اعلیٰ عہدیداروں کی ٹیم نے ملک کے بڑے شہروں کا دورہ کرتے ہوئے ٹریفک کے مسائل کا جائزہ لیا اور حکومت کو سفارشات پیش کی ہیں۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کے تحریری جواب میں وزیر داخلہ نے اعتراف کیا کہ دونوں شہروں میں ٹریفک کے مسائل میں روز افزوں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک نے دہلی، چینائی، بنگلور اور کولکتہ کا دورہ کیا اور وہاں ٹریفک کو بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس نے حکومت کو جو تجاویز اور رپورٹ پیش کی ہے اس میں کہا گیا کہ دہلی پولیس میں ٹریفک کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے ایک خصوصی ٹیم موجود ہے جو بلدی اداروں کے اشتراک سے خدمات انجام دیتی ہے۔ بلدی اداروں کی جانب سے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام انجام دیا جائے گا۔ حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے بھی اسی طرح کی ٹیم تشکیل دی گئی جو سڑکوں کی صورتحال بہتر بنانے اور پیدل راہروو افراد کے تحفظ کیلئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے اشتراک سے کام کررہی ہے۔ کولکتہ پولیس کی طرز پر حیدرآباد میں بھی عوامی مقامات پر اعلانات کا نظام رائج کیا گیا جو ابتداء میں بعض اہم جنکشن تک محدود ہے۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ ٹریفک کو بہتر بنانے کیلئے 1600ہوم گارڈز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ملک کے اہم شہروں کی طرح حیدرآباد میں بھی 2007میں ای چالان سسٹم متعارف کیا گیا جو اطمینان بخش طور پر کام کررہا ہے۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ عہدیداروں کے دورہ پر48 ہزار روپئے کے مصارف ہوئے۔