راجیو گاندھی انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر پولیس کے سکیوریٹی انتظامات
حیدرآباد ۔ /6 نومبر (سیاست نیوز) اوپل کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں /9 نومبر کو منعقد ہونے والے ہند ۔ سری لنکا ونڈے انٹرنیشنل میچ کے پیش نظر سائبرآباد پولیس نے سکیورٹی کے وسیع ترین انتظامات کئے ہیں ۔ اس سلسلے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر سی وی آنند نے کہا کہ پولیس کے مختلف شعبوں کی مدد سے ونڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ کیلئے پولیس سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کررہی ہے جس میں سکیورٹی ونگ کے 250 ، ٹریفک کے 270 ، لااینڈ آرڈر کے 413 ، آرمڈ فورسیس کے 11 سیکشن کے علاوہ اسپیشل برانچ اور سی سی ایس اسٹاف ڈیوٹی پر متعین رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس میچ کیلئے 1500 پولیس ملازمین کو ڈیوٹی پر تعینات کیا جارہا ہے ۔ مسٹر آنند نے بتایا کہ اسٹیڈیم میں اور اطراف و اکناف علاقوں میں 56 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں اور ایک خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم بھی قائم کیا جارہا ہے تاکہ سی سی ٹی وی ریکارڈنگ پر راست نگرانی رکھی جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کوئیک ری ایکشن ٹیم اور آکٹوپس کمانڈوز کو بھی متعین کیا جارہا ہے ۔ مسٹر آنند نے بتایا کہ میچ کے آغاز سے اختتام تک 10 بم ڈسپوزل ٹیمس ڈیوٹی پر متعین رہیں گے اور غیرسماجی عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی ۔ کمشنر پولیس سائبر آباد نے واضح طور پر بتایا کہ ناظرین کو اسٹیڈیم میں بیاگس ، بیانر ، موبائیل فون ، کیمرے ، میاچ باکس ، سگریٹ ، پانی کی بوتلیں اور دیگر اشیاء پر امتناع ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ میٹرو ریل کے تعمیراتی کام کے پیش نظر کسی بھی گاڑی کو جین پیکٹ سے اوپل رنگ روڈ تک سڑک پر پارک کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹکٹس اور کامپلینٹری پاسیس رکھنے والے ناظرین اپنے متعلقہ گیٹس سے اسٹیڈیم میں داخل ہوں ۔ اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک مسٹر اویناش موہنتی نے بتایا کہ ہند ۔ سری لنکا کرکٹ میچ کے پیش نظر ایل بی نگر ، ورنگل سے حبشی گوڑہ کے سمت آنے والی لاریوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ای سی آئی ایل کشائی گوڑہ ، چیرلہ پلی سے اوپل چوراہے کی سمت آنے والی ٹریفک کا رخ ملاپور بریج چنگی چرلہ اور ایل بی نگر نگر جنکشن کی سمت کردیا جائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ملکاجگری زون مس رما راجیشوری نے اس موقع پر کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ جو اس میچ کے خصوصی مہمان رہیں گے میچ کا مشاہدہ کیلئے اسٹیڈیم میں موجود رہنے کے سبب خصوصی سکیورٹی انتظامات بھی کئے جارہے ہیں ۔