چار ٹاورس پر مشتمل سنٹر کو ہیلی کاپٹر کی سہولت : وزیر داخلہ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ عصری تقاضوں سے لیس ہندوستان کا پہلا پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹر حیدرآباد میں قائم کیا جارہا ہے ۔ 4 ٹاورس پر مشتمل پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹر کے لیے ہیلی کاپٹر کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ ریاست کے تمام 31 اضلاع کو اس سے مربوط کرتے ہوئے کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ کا منٹوں میں پتہ چلا لیا جائے گا ۔ آج اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ کی حکومت امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے تمام احتیاطی اقدامات کررہی ہے ۔ 10 ماہ سے تعمیری کام جاری ہیں ۔ 4 کے منجملہ 2 ٹاورس ایک 24 اور دوسرا 18 منزلہ عمارتوں پر مشتمل ہوگا ۔ ساری دنیا میں نیویارک ، شکاگو اور لندن میں پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹرس ہیں ۔ ہندوستان میں تلنگانہ واحد ریاست ہے جو حیدرآباد میں پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹر قائم کررہی ہے ۔ کرپشن کا خاتمہ کرنے کے لیے ملک میں پہلی مرتبہ پولیس اسٹیشنس کی کارکردگی میں اضافہ کرنے اور اسٹاف کو جوابدہ بنانے حکومت خصوصی فنڈز فراہم کررہی ہے ۔ پولیس کو نئی گاڑیاں خرید کر دی گئی ہیں ۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دوسرے علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جارہے ہیں ۔ انٹی گریٹیڈ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم پر عمل کیا جارہا ہے ۔ ٹریفک انفورسمنٹ میں کیاش لیس سسٹم کو متعارف کرایا گیا ہے ۔ شفافیت کو عام کرنے کے لیے پولیس کو باڈی وارن کیمرے دئیے گئے ہیں ۔ ٹریفک نظام کو باقاعدہ بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ خواتین کے تحفظ کے لیے شی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ پاسپورٹ ویری فیکیشن میں تیزی پیدا کرنے کے لیے ٹکنالوجی کا بھر پور استعمال کیا جارہا ہے ۔ کال سنٹر کا بھی قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ پولیس اسٹیشن کی تزئین نو کی جارہی ہے ۔ نئے پولیس اسٹیشن عمارتیں تعمیر کرتے ہوئے فرینڈلی ماحول فراہم کیا جارہا ہے ۔ لا اینڈ آرڈر کو برقرار رکھنے کے لیے تمام اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے گرین ہانڈس کا جائزہ لیتے ہوئے ملک کی مثالی پولیس فورس قرار دیا ہے ۔ شی ٹیمس کی ملک کے دوسری ریاستوں میں تقلید کی جارہی ہے ۔ رنگاریڈی میں بھی پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا جارہا ہے ۔۔