حیدرآباد۔21مئی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں جاریہ ہفتہ کے اواخر سے درجہ حرارت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا اور درجہ حرارت 43 سے تجاوز کرجائے گا۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد کے مختلف علاقو ںمیں موسم گرما کے آخری ایام میں پینے کے پانی کی نئی سبیلیں نصب کی جا رہی ہیں اور اعوام سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ بلا ضرورت شدید دھوپ کے اوقات میں گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں اور اس بات کی کوشش کریں دھوپ میں نکلنے کی ضرورت پڑنے پر تمام تر احتیاطی اقدامات کریں۔محکمہ موسمیات کے مطابق جاریہ ہفتہ کے اواخر سے شہر حیدرآباد کے درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا اور اس اضافہ کے ساتھ الٹرا وائیلیٹ شعائوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کئے جانے کے خدشات ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے آئندہ دو یوم کے دوران موسم گرما کے سلسلہ میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے سلسلہ میں باضابطہ تجاویز جاری کی جائیں گی جس طرح سابق میں تفصیلی نوٹ جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ ہلکے رنگ کے کپڑوں کے استعمال کے علاوہ زیادہ سے زیادہ پینے کے پانی کے استعمال کے اور ٹھنڈے قدرتی مشروبات کے استعمال میں اضافہ کریں۔