اندراماں اسکیم میں بے قاعدگیوں کی تحقیقاتی رپورٹ عدم وصول، اسمبلی میں وزیر امکنہ کا بیان، بی جے پی کا واک آئوٹ
حیدرآباد۔ 29 مارچ (سیاست نیوز) وزیر امکنہ اندرا کرن ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میں ایک لاکھ مکانات مرحلہ وار طور پر تعمیر کیے جائیں گے جبکہ اضلاع میں دو لاکھ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جی کشن ریڈی اور دیگر ارکان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر امکنہ نے کہا کہ حکومت نے غریب عوام کو باوقار انداز میں زندگی بسر کرنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے ڈبل بیڈروم مکانات کی اسکیم شروع کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اندراماں ہائوزنگ میں کانگریس دور حکومت میں کی گئی بے قاعدگیوں کی جانچ سی بی سی آئی ڈی کے سپرد کی گئی ہے لیکن ابھی تک حکومت کو رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے وعدے کے مطابق دو لاکھ ڈبل بیڈروم مکانات بہرصورت تعمیر کرے گی۔ یہ کام مرحلہ وار انجام دیا جائے گا۔ حیدرآباد میں ایک لاکھ کے منجملہ ابھی تک 1979 ڈبل بیڈروم مکانات غریب خاندانوں کے حوالے کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ راجیو سوگروہا کے تحت 8717، راجیو گروہاکلپا کے تحت 3432 اور وامبے ہائوزنگ اسکیم کے تحت 1646 مکانات کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ بہت جلد یہ مکانات استفادہ کنندگان کے حوالے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مکانات کی تعمیر کے لیے ریت مفت سربراہ کی جارہی ہے۔ سمنٹ اور آئیرن کم قیمت پر دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اندراماں ہائوزنگ کے سلسلہ میں بے قاعدگیوں کی جانچ سے متعلق سی بی سی آئی ڈی رپورٹ کا حکومت کو انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں سابق میں کئی افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکانات کی تعمیر کے لیے حکومت نے 345 کروڑ روپئے مختص کیے ہیں۔ اندرا کرن ریڈی نے کہا کہ مکانات کا الاٹمنٹ ضلع کلکٹرس کی جانب سے انجام دیا جائے گا اور اس معاملہ میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں رہے گی۔ مکان کی مالیت کا 30 فیصد استفادہ کنندگان کو ادا کرناہوگا۔ وزیر کے مطابق مختلف ہائوزنگ اسکیمات کے تحت ریاست میں 2 لاکھ 29 ہزار 110 مکانات زیر تعمیر ہیں۔ 14 ہزار 447 مکانات مختلف اسکیمات کے تحت مکمل ہوچکے ہیں اور الاٹمنٹ کے مرحلہ میں ہیں۔ انہوں نے ضلع واری سطح پر مکمل اور زیر تعمیر مکانات کی تفصیلات جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں 6056 مکانات کی تعمیر جاری ہے جبکہ 12,254 مکانات مکمل ہوچکے ہیں اور الاٹمنٹ کے مرحلہ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں ایک لاکھ مکانات کی تعمیر کے لیے ٹنڈرس کو قطعیت دی جاچکی ہے اور 375 کروڑ کے خرچ کا تخمینہ ہے۔ ریاست بھر میں ڈبل بیڈروم مکانات کے لیے 1277 کروڑ کا خرچ آئے گا۔ وزیر امکنہ اندرا کرن ریڈی کے جواب پر بی جے پی فلور لیڈر کشن ریڈی نے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اندراماں اسکیم میں بے قاعدگیوں میں ملوث افراد کو جان بوجھ کر بچانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندراماں اسکیم بے قاعدگیوں میں ملوث کانگریس قائدین ٹی آر ایس میں شامل ہوچکے ہیں لہٰذا حکومت انہیں بچانے کی کوشش کررہی ہے اور تحقیقات کو سست کردیا گیا ہے۔ کشن ریڈی نے بطور احتجاج ساتھی بی جے پی ارکان کے ساتھ ایوان سے واک آئوٹ کردیا۔