بہتر کارکردگی پر اعزاز، معیار کو برقرار رکھنے دانا کشور کا مشورہ
حیدرآباد 4 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کو ایک اور منفرد مقام حاصل ہوا ہے۔ صارفین کو اعلیٰ اور اطمینان بخش خدمات کی فراہمی کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی ایس او 10002:2014 سے نوازا گیا ہے جو ملکی سطح پر آئی ایس او کی شناخت کرنے والے اولین سرکاری ادارے کی حیثیت سے حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس نے ایک تاریخ رقم کی ہے۔ واٹر ورکس کے عہدیداران نے بتایا کہ واٹر ورکس کی جانب سے صارفین کو خدمات کی فراہمی، شکایات کا ازالہ اور مسائل سے متعلق واٹر ورکس کے عہدیداروں کی جانب سے فوری حل پر صارفین مطمئن ہونے کی واضح دلیل آئی ایس او شناخت کا حصول ہے۔ آئی ایس او سرٹیفکٹ کے حصول کے لئے درکار ضروری اقدامات امسال ماہ جنوری سے ہی کئے گئے تھے اور اب حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کے یوم قیام کے دن آئی ایس او سرٹیفکٹ سے نوازا گیا ہے۔ بی ایس آئی برانچ کے ہیڈ اجیت ڈانیال کے ساتھ بزنس ڈیولپمنٹ منیجر بھاسکر مورتی نے حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کے ایم ڈی داناکشور کو آئی ایس او 10002:2014 سرٹیفکٹ عطاء کیا۔ دانا کشور نے اس سرٹیفکٹ کے حصول کے لئے جدوجہد کرنے والے ریونیو ڈائرکٹر بی وجئے کمار ریڈی، ریونیو او ایس ڈی آنند، سوروپ، ڈی جی ایم پریمل اور منیجر ماناسا کے علاوہ او اینڈ ایم عہدیداران اور عملہ کی خوب ستائش کی۔ اور ساتھ ہی انھیں نصیحت کی کہ صارفین کی خدمات کو مزید اعلیٰ و معیاری بنانے میں ہرممکن کوشش کرنے کا مشورہ دیا۔