حیدرآباد میٹرو ریل کو شمس آباد تک توسیع دینے کی تجویز

ایرپورٹ سے مربوط کرنے پر غور، راستوں کی مربوطی کا جائزہ
حیدرآباد 3 ڈسمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل کو شمس آباد تک توسیع دینے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں۔ گزشتہ دنوں آغاز ہوئے میٹرو ریل کے تعلق سے غیرمعمولی عوامی ردعمل اور جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے حکومت تلنگانہ میٹرو ریل دوسرے مرحلہ کے تحت شمس آباد ایرپورٹ کو میٹرو ریل سے مربوط کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا گیا کہ دوسرے مرحلہ کے تحت 80 کیلو میٹر طویل فاصلہ تک میٹرو ریل پراجکٹ کی توسیع کی جائے گی اور اسی کے ایک حصہ کے طور پر ہی میٹرو ریل کو شمس آباد ایرپورٹ سے مربوط کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں اب تک متعدد مرتبہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے میٹرو ریل کو شمس آباد ایرپورٹ تک وسعت دینے کا اعلان بھی کرچکے ہیں۔ وزیراعظم مسٹر نریندر مودی جنھوں نے گزشتہ ہفتہ حیدرآباد میٹرو ریل کا افتتاح کیا تھا، اس موقع پر وزیر بلدی نظم و نسق و انفارمیشن ٹیکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ سے میٹرو ریل کے تعلق سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا تھا اور دریافت کیا تھا کہ میٹرو ریل کو شمس آباد ایرپورٹ سے مربوط کیا گیا یا نہیں جس کے پیش نظر ہی بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد میٹرو ریل کو شمس آباد ایرپورٹ تک وسعت دینے پر حکومت سنجیدگی سے غور کررہی ہے اور سمجھا جارہا ہے کہ حکومت اس سلسلہ میں عاجلانہ اقدامات کرے گی۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ شمس آباد ایرپورٹ کو میٹرو ریل سے مربوط کرنے کے لئے دو طریقے (یعنی دو راستے) ہیں۔ ایک یہ ہے کہ ایل بی نگر تا چندرائن گٹہ سے قدیم کرنول روڈ ، مائیلاردیو پلی سے ہوتے ہوئے شمس آباد ایرپورٹ کو مربوط کیا جاسکتا ہے اور دوسرا یہ ہے کہ ہائی ٹیک سٹی سے آؤٹر رنگ روڈ سے ہوتے ہوئے شمس آباد ایرپورٹ کو مربوط کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ شمس آباد ایرپورٹ تک میٹرو ریل کی سہولت فراہم ہونے پر ٹریفک کے مسائل میں کافی حد تک کمی واقع ہوسکتی ہے۔