حیدرآباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( راست ) : قومی کونسل برائے فروغ اردو ( حکومت ہند ) کے زیر اہتمام اورنگ آباد کے عام خاص میدان میں 27 دسمبر تا 4 جنوری کل ہند اردو کتابی و تہذیبی میلہ کا انعقاد عمل میں آرہا ہے ۔ شہرحیدرآباد سے ہدیٰ بک ڈسٹری بیوٹرس نے وسیع جگہ پر اسٹال لگایا ہے ۔ اس میلہ میں ملک کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے ناشرین حصہ لے رہے ہیں کم و بیش 160 اسٹال اس میلہ کی زینت ہے ، اورنگ آباد اور اطراف و اکناف کے تقریبا 10 اضلاع سے شائقین کتب اور محبان اردو بڑی تعداد میں نہایت جوش و خروش سے ہزاروں کی تعداد میں شریک ہورہے ہیں ۔ ہدی بک ڈسٹری بیوٹرس کے اسٹال پر شائقین کتب کا اژدھام دیکھا جارہا ہے ۔ پاکستان ، سعودی عرب ، ایران کے مطبوعات کے علاوہ سابق ریاست حیدرآباد سے متعلق کتابوں کی زبردست مانگ ہے ۔ جس میں قابل ذکر ادارہ سیاست کے کتب گلمپسز آف دی نظامس ڈومینین ، امیجس آف حیدرآباد ، مطبغ آصفیہ ، انداز بیان اور ہے ( از جناب زاہد علی خاں ) حیدرآباد شہر نگاروں ، سقوط حیدرآباد ، زوال حیدرآباد ، کیوڑے کا بن وغیرہ بے شمار کتابیں شامل ہیں ۔