خیریت آباد میں عازمین حج کاتربیتی اجتماع: پروفیسر ایس اے شکور ‘ ابو طلحہٰ امجد اور ڈاکٹر فضل الدین کاخطاب
حیدرآباد27 مئی (پریس نوٹ) ریاست تلنگانہ کے عازمین حج دوسرے مرحلہ میں ماہ جولائی کے آخر میں یا ماہ اگست کے بالکل شروع میں حالت احرام میں سعودی عربین ایر لائنز کے ذریعہ براہ جدہ سوئے حرم روانہ ہوں گے۔اس بات کا اعلان اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے آج دوپہر قدیم مسجد قطب شاہی خیریت آبادمیں عازمین حج کے ساتویں تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہو ںنے کہا کہ اس مرتبہ ریاست تلنگانہ سے لگ بھگ پانچ ہزار حجاج کرام کی روانگی عمل میں آئے گی اورحیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے جملہ 8 ہزار عازمین مکہ معظمہ روانہ ہوں گے جن کے لئے حج ہاؤز میں انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ماہ رمضان کے فوری بعد ریاست بھر میں عازمین حج کے لئے ٹیکہ اندازی ( ویکسی نیشن) کا آغازہوگا۔ شہر کے عازمین کے لئے حج ہاؤز میں پروفیسر ایس اے شکور نے مزید کہا کہ رباط میں اس سال حجاج کرام کے لئے کھانے کا انتظام نہیں ہے بلکہ ان کو پکوان کی سہولت پہنچائی جارہی ہے۔اسی طرح عزیزیہ میں بھی پکوان کی سہولت رہے گی۔ گرین زمرہ کے حجاج کو پکوان کی سہولت نہیں ہوگی۔ عزیزیہ کے حجاج کے لئے ہر پانچ منٹ میں فری بس ٹرانسپورٹ کی سہولت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال سعودی عربیہ میں کافی گرمی رہنے کی پیش قیاسی کی جارہی ہے اس لئے اس مرتبہ منیٰ کے خیموں میں اے سی کا انتظام کیا جارہا ہے۔ اسپیشل آفیسر نے بتایا کہ اس سال حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے فضائی کرایہ جملہ 65,850 روپئے مقرر کیا گیا ہے جس میں جی ایس ٹی کے 9173 روپئے اور یوڈی ایف کے 2136روپئے کے علاوہ سعودی عربیہ کے ایر ٹرمنل چارجس اور پاسنجر سروس فیس کی رقم بھی شامل ہے۔ جی ایس ٹی کی برخواستگی کے لئے مرکزی حکومت سے نمائندگی کی جارہی ہے۔ رکن حج کمیٹی جناب ابو طلحہٰ امجد نے کہا کہ رمضان المبارک ہر مسلمان کے لئے ماہ تربیت ہے لیکن حجاج کرام کے لئے تویہ تربیت کا خاص مہینہ ہے‘کیونکہ روزوں کا مقصد تقویٰ پیدا کرنا ہے اور حج کے لئے تقویٰ کو بہترین زاد راہ قرار دیا گیا ہے۔ مولانا ڈاکٹر محمد فضل الدین صدر شعبہ عربی انوارالعلوم کالج نے فضائل و مناسک حج و عمرہ اور آداب زیارت روضہ نبوی ﷺ بیان کرتے ہوئے عازمین کو سفر حج کے تمام مراحل سے تفصیلی طور پر واقف کروایا اور حج و عمرہ کے فرائض و واجبات پر روشنی ڈالی۔ انہو ںنے عازمین کو زم زم خوب سیر ہوکر پینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مومن زم زم بہت پیتا ہے اور منافق کم پیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کا سفر زندگی میں ایک مرتبہ کیا جاتا ہے اس لئے جتنا اہتمام اور جتنی تیاری کرسکیں کرلیں۔حج ایک فرض ہے لیکن دیکھا گیا ہے کہ لوگ اس ایک فرض کے دوران نماز جیسے فرض سے غفلت کرتے ہیں جوکہ دن میں پانچ مرتبہ فرض ہے۔ زیارت مدینہ منورہ کے دوران درود شریف کی کثرت رکھیں ‘ ادب و احترام کا مظاہرہ کریں۔ جناب عرفان شریف اسسٹنٹ سکریٹری نے بھی مخاطب کیا۔