گیارھویں قافلہ کو ڈپٹی میئر جناب بابا فصیح الدین نے جھنڈی دکھاکر روانہ کیا
حیدرآباداد6 اگست ( پریس نوٹ ) حیدرآباد سے آج حجاج کرام کے جملہ 11قافلوں کے ذریعہ 3300عازمین مکہ مکرمہ سعودی عرب روانہ ہوئے۔ آج دو قافلوں کی روانگی عمل میں آئی جن میں 600عازمین شامل تھے۔ آج صبح کی اولین ساعتوں میں دسواں قافلہ جدہ روانہ ہوا اور اس قافلہ کے عازمین خیریت کے ساتھ مکہ مکرمہ پہنچ گئے۔اس طرح مکہ معظمہ پہنچنے والے عازمین کی تعداد 3000تک پہنچ گئی۔ گیارھویں قافلہ کو ڈپٹی میئر بلدیہ عظیم تر حیدرآباد جناب بابا فصیح الدین ‘ صدر نشین حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان اور اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور ‘ ارکان حج کمیٹی جناب عارف احمد‘ جناب ابو طلحہٰ امجد ‘ جناب عارف الدین‘ جناب امتیاز خان نے آج شام وداع کیا۔ اس موقع پر بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے کارپوریٹرز شریمتی ممتا گپتا‘ محترمہ صبیحہ بیگم ‘ جناب جی مکیش سنگھ اور محترمہ نسرین‘ جناب محمد اعظم اور دوسرے موجود تھے۔ ڈپٹی میئر جناب بابا فصیح الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ عازمین حج کی فلاح و بہبود سے گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ اقلیتوں کی ترقی اور خوش حالی کے لئے کئی اہم کارنامے انجام دیئے گئے ہیں‘ جو سارے ملک کیلئے ایک نمونہ ہے۔ چیف منسٹر جناب کے چندر شیکھر راؤ نے اقلیتوں کی ترقی کے لئے اسکالر شپ‘ شادی مبارک‘ اوور سیز اسکالر شپ‘ اقلیتی اقامتی اسکول جیسی منفرد اسکیمیں شروع کی ہیں۔ انہوں نے عازمین کو مبارک باد دی اور کہا کہ وہ ایک مقدس سفر پر جارہے ہیں او وہ ملک و قوم اور ریاست کی ترقی‘ خوش حالی ‘ امن و امان اور بھائی چارہ کے فروغ کیلئے اورعالم اسلام میں امن کی بھی دعا کرتے رہیں۔ صدر نشین حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان نے کہا کہ عازمین حج اللہ کے مہمان ہیں ان کی خدمت ہر مسلمان کا فرض ہے۔ مولانا مفتی ابوبکر جابر قاسمی نے کہا کہ عبادتوں اور حج کو قبول کروانے کی فکر ہونی چاہئے۔ اگر حج ‘ نماز یا عمرہ کے بعد دل کی کیفیت بدل گئی تو یہ عبادت قبول ہونے کی علامت ہے۔ دسویں قافلہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد مستان علی قادری نے حجاج کرام کو بعض ضروری احتیاطی باتوں سے واقف کروایا اور کہا کہ وہ توجہ اور انہماک کے ساتھ مناسک حج ادا کریں۔ منگل 7 اگست ایک قافلہ4:30بجے شام راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایر پورٹ سے پرواز کرے گا۔