حیدرآباد تا کوچی نان اسٹاپ فلائٹ چلانے ٹرو جیٹ کا اعلان

سبری مالا جانے والے یاتریوں کی سہولت کیلئے بالخصوص علاقائی ایرلائنس کی خدمات

حیدرآباد 30 اکٹوبر (پی ٹی آئی) شہر کی علاقائی ایرلائنس ٹرو جیٹ کی جانب سے آج کیرالا میں سبری مالا کو جانے والے یاتریوں کی سہولت کے لئے خصوصی طور پر 20 نومبر تا 18 جنوری حیدرآباد تا کوچی ایک نئی نان اسٹاپ فلائٹ چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ٹربو میگھا ایرویز پرائیوٹ لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر وی اومیش نے کہاکہ یہ خصوصی فلائٹ خاص طور پر سبری مالا جانے والے یاتریوں کے لئے چلائی جارہی ہے جہاں ایپا مندر میں پوجا کے لئے یاتریوں کی بڑی تعداد جاتی ہے۔ یہ فلائٹ روزانہ چلائی جائے گی۔ تروپتی (اے پی)، شرڈی (مہاراشٹرا) کے بعد اب سبری مالا کو ہمارے نیٹ ورک میں شامل کیا جارہا ہے تاکہ یاتریوں کے لئے اچھی سہولت فراہم کی جاسکے۔ انھوں نے کہاکہ ہم چارجس حاصل کرتے ہوئے یاتریوں کو کوچی ایرپورٹ ۔ پمبا بس سرویس بھی فراہم کریں گے اور اُمید ظاہر کی کہ یاتری بڑی تعداد میں اس منفرد سہولت سے استفادہ کریں گے۔ کوچی ایرپورٹ سبری مالا سے تقریباً 190 کیلو میٹر کی دوری پر واقع ہے اور اس مشہور مندر کے راستہ پر پمبا اصل ہالٹنگ پوائنٹ ہے۔ ٹرو جیٹ ایک علاقائی ایر سرویس ہے جسے ٹربو میگھا ایرویز کی جانب سے پروموٹ کیا گیا ہے اور اس کا ہیڈ کوارٹر حیدرآباد میں ہے۔