حیدرآباد ایرپورٹ پر دوبئی کے طیارہ کی اچانک لینڈنگ

حیدرآباد 10 جون (پی ٹی آئی) دوبئی روانہ ہونے والے ایک طیارہ نے آج یہاں شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر اچانک لینڈنگ کی جب اُس کا ایک آسٹریلیائی مسافر علیل ہوگیا۔ ایرپورٹ عہدیداروں نے کہاکہ امارات ایرلائنس کی طرف سے چلائے جانے والے A380 جمبو جیٹ طیارہ ملبورن سے دوبئی روانہ ہورہا تھا کہ اُس کا رُخ شمس آباد میں واقع راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کی سمت موڑ دیا گیا بعدازاں آسٹریلیا کے ایک 64 سالہ مسافر کو طیارہ سے اُتار کر کامنینی ہاسپٹل کو منتقل کردیا گیا۔ تقریباً ایک گھنٹہ توقف کے بعد طیارہ روانہ ہوگیا۔ ایک عہدیدار نے کہاکہ ’’امارات EK407 A380 کا رُخ رات 4 بجکر 47 منٹ پر میڈیکل ایمرجنسی کے سبب حیدرآباد ایرپورٹ کی سمت موڑ دیا گیا۔ مسافر کو جوبلی ہلز میں واقع ایک خانگی کارپوریٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے۔ طیارہ صبح 5 بجکر 58 منٹ پر دوبارہ پرواز کرگیا‘‘۔