مکانداروں کو کرایہ داروں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کا مشورہ
حیدرآباد۔21جولائی ( سیاست ڈاٹ کام) حیدرآباد اور سائبرآباد کی پولیس نے ان کے حدود میں واقع گھروں کے مالکان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کرایہ داروں کی بنیادی معلومات اور ان کے گزرے ہوئے حالات کے بارے میں ریکارڈ کی براہ راست پولیس سے جانچ کرلیں اور کرایہ داروں کے بارے میں تحقیق کرلیں۔یہ خواہش اس لئے کی گئی ہے کیونکہ ایسی مثالیں سامنے آئی ہیں جن میں کرایہ داروں نے کرایہ کے گھروں کو یا تو مجرمانہ سرگرمیوں کے لئے استعمال کیاہے یا پھر ان گھروں کو ان کی ناکام سرگرمیاں چلانے کے لئے محفوظ پناہ گاہوں کے طورپر استعمال کیاگیا ہے۔ ماضی میں ایسے حالات پیدا ہوئے ہیں جب گھروں کے مالکان کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑا ہے‘جب انہوںنے ان کے گھروں کو کرایہ داروں کے بارے میں معلومات حاصل کئے بغیر اور ان کے پس منظر کا جائزہ لئے بغیر کرایہ پر دیدیا تھا۔ جاریہ سا ل مئی کے دوران ملکاجگری میں دو گھروں کے مالکان کے خلاف فوجداری کیس درج رجسٹر کرلیاگیا۔ کیونکہ انہوںنے ان کی املاک کومختلف افراد کے ایک گروپ کو کرایہ پر دیدیاتھا جو مبینہ طورپر جعلی کرنسی نوٹ کو گشت کروارہے تھے۔ ڈی سی پی ملکاجگری آر راما راجیشوری نے بتایا’’ اس گروپ کا جھارکھنڈ سے تعلق ہے اور اس نے دو گھروں کو مختصر سے عرصہ کے لئے کرایہ پر حاصل کیا تھا اور ان گھروںمیں اپنے اڈے قائم کرلئے تھے ۔ ان گھروں کے مالکان کافی زیادہ کرایہ ملنے پر جھانسہ میں آگئے تھے اور انہوںنے نہ تو کرایہ داروں کی دستاویزات کی جانچ کی تھی اور نہ ہی پولیس کو اطلاع دی تھی اگرچیکہ وہ مشتبہ سرگرمی دیکھ رہے ہیں۔ قبل ازیں 2013 کے دوران دلسکھ نگر دوہرے دھماکوں کے کیس کی تحقیقات سے یہ انکشاف ہوا تھا کہ تین ملزمین نے اپنے آپ کو طلباء ظاہر کرتے ہوئے راموجی فلم سٹی کے قریب عبداللہ پور میٹ میں ایک گھر کرایہ پر حاصل کیا تھا۔گھروں کے مالکان کو مشکل میں پھنسنے سے بچانے اور ساتھ ہی ساتھ کرایہ پر حاصل کئے جانے والے گھروں سے غیر سماجی سرگرمیاں چلانے سے روکنے کے لئے سائبرآباد پولیس نے کرایہ دار کے بارے میں تحقیق کا نظام رائج کیا ہے۔ حیدرآبادمیں واقع دی انڈیویژول ریسڈنشیل ویلفیر اسوسی ایشن کو کرایہ داروں کی تحقیق سے متعلق خصوصی فارمس حوالہ کئے گئے ہیں۔ گھروں کے مالکان ان کو پر کرنے کے بعد ان کی اسوسی ایشن کو حوالگی کرسکتے ہیں جو اسے مقامی پولیس اسٹیشن کو فراہم کردے گی۔ حیدرآبادمیں پولیس کی جانب سے گھروں کے مالکان سے خواہش کی جارہی ہے کہ وہ ان کے کرایہ دار کے نام Hawk Eye App.کے ذریعہ درج رجسٹر کروائیں۔ اس ایپ میں کرایہ دار وں کی تصاویر اور دیگر تفصیلات کو اپلوڈ کرنے کی سہولت ہے ۔جیسے ہی یہ تفصیلات اپلوڈ ہوجائیںگی وہ سٹی پولیس کے ڈاٹا بیس کا ایک حصہ بن جائیںگی اور اسے کسی بھی وقت چیک کیاجاسکے گا۔ پولیس کو ازروئے قانون خصوصی اختیارات حاصل ہیں اوروہ ان اختیارات کے تحت ان ملاک کو مہربند کرسکتی ہے‘جن کو جرائم کے ارتکاب کے لئے استعمال کیاجارہا ہو۔ ’’ اگرگھر کو مہربند کردیاگیا‘ گھر کے مالک کو بے شمار قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔جن میں عدالتوں کے چکر بھی شامل ہیں‘‘۔