شہر کو تقسیم نہ کرنے نرسمہا ریڈی کی خواہش
حیدرآباد 4 اکٹوبر (این ایس ایس) وزیرداخلہ نائینی نرسمہا ریڈی نے نئے اضلاع کی تشکیل سے متعلق اعلیٰ اختیاری کمیٹی پر آج زور دیا کہ ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کو جوں کا توں برقرار رکھا جائے اور اس کے بعد اگر ممکن ہوسکے تو دیورکنڈہ کو نیا ضلع بنایا جائے۔ نرسمہا ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ کے لئے حیدرآباد ایسی ہی اہمیت رکھتا ہے جیسے کسی چہرہ پر ناک کی اہمیت و حیثیت ہوتی ہے۔ وزیرداخلہ نے اعلیٰ اختیاری کمیٹی کے صدرنشین کے کیشو راؤ کو پیش کردہ یادداشت میں مطالبہ کیاکہ اضلاع کی تنظیم جدید کے موقع پر حیدرآباد کو منقسم نہ کیا جائے۔ انھوں نے دیورکنڈہ کو نیا ضلع بنانے پر زور دیا۔ نرسمہا ریڈی نے کہاکہ ضلع نلگنڈہ میں واقع ان کے آبائی گاؤں نیراڈی گمو کو منڈل بنانے سے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اتفاق کرلیا ہے۔