حیدرآبادکو سلم فری شہربنانے کا منصوبہ

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ کی ہدایات کے بعد 1700سلم بستیو ں کی نشاندہی مکمل

حیدرآباد 22جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت حیدرآباد کو سلم بستیوں سے نجات دلانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس منصوبے کے تحت ایک کثیر رقم خرچ ہونی ہے ، اگر اس منصوبے پر عمل ہوتا ہے تو شہر حیدرآباد کی 1700بستیوں کی تصویر بدل سکتی ہے۔حکومت راجیوآواس یوجنا اورJNNURM اسکیمات کے تحت تجرباتی پروجیکٹس شروع کرنے پر غور کررہی ہے۔ٹی آرایس حکومت حیدرآباد کو سلم بستیوں سے نجات دلانے کے لیے ذاتی مکان سے محروم غریب عوام کو مکانات فراہم کرنے کامنصوبہ بنارہی ہے۔تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ نے حلف برداری کے دوسرے ہی دن گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حکام کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کرکے جی ایچ ایم سی کے حکام کو حیدرآباد میں سلم بستیوں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی تھی۔کے سی آر نے جی ایچ ایم سی کے حکام کو سلم بستیوں کی نشاندہی کرکے ان بستیوں کی جگہ مکانات تعمیرکے لیے منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت دی۔وزیراعلیٰ کی ہدایت کے بعد جی ایچ ایم سی نے حیدرآباد کی 17سو سلم بستیوں کی نشاندہی کرلی ہے اورپہلے مرحلہ میں 24سلم بستیوں میں تجرباتی طورپرمکانات تعمیرکرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔تاہم حکام کا کہنا ہے کہ سلم بستیوں میں مکانات کی تعمیر کے لیے علحدہ فنڈہ منظورنہیں کیاگیا ہے۔ اسی لیے مرکزی اور ریاستی حکومت کی دیگر اسکیمات کے بجٹ کوسلم بستیوں میں مکانات کی تعمیر کے لیے خرچ کرنے سے متعلق غور کیا جارہا ہے۔ جی ایچ ایم کے مطابق تجرباتی پروجیکٹوں کی تکمیل کے بعد استفادہ کنندگان کو بنکوں سے قرض دلاکرسلم بستیوں میں مکانات تعمیر کیے جائیں گے ۔ حیدرآباد کو سلم بستیوں سے پاک کرنے کے لیے جی ایچ ایم سی کے حکام ایک جامعہ منصوبہ بنارہے ہیں۔جی ایچ ایم سی کے کمشنر سومیش کمار کا کہناہے کہ اس سلسلہ میں جلدہی ایک رپورٹ ریاستی حکومت کو روانہ کی جائیگی۔حکام نے کہا کہ سلم بستیوں میں نئے مکانات کی تعمیر اور ان علاقوں میں بنیادی سہولتیں بھی فراہم کی جائیگی۔جی ایچ ایم سی کا کہناہے کہ راجیو AWASیوجنا کے تحت حیدرآباد کو سلم فری شہر بنانے کے لیے سال 2011میں یوپی اے حکومت نے 545 کروڑ روپئے منظو ر کیے تھے۔ راجیوآواس یوجنا کے پہلے مرحلے کے تحت 290سلم بستیوں میں مکانات تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایاگیاتھا۔تاہم جی ایچ ایم سی نے کسی بھی سلم میں آج تک مکانات کے تعمیر ی کام شروع نہیں کیا۔تاہم اب وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ کی تازہ ہدایات کے بعد جی ایچ ایم سی کے حکام نے ایک بار پھر شہر حیدرآباد کے سلم بستیوں کی نشاندہی کرلی ہے۔جی ایچ ایم سی کے حکام کا کہناہے کہ حیدرآباد کو سلم بستیوں سے پاک کرنے لیے بنائے گئے منصوبہ کی کامیابی کے بعد تلنگانہ کے تمام اضلاع میں اس منصوبہ پرعمل آوری کا امکان ہے۔واضح رہے کہ 2014کے عام انتخابات میں ٹی آرایس نے بے گھرغربیوں کو ڈبل بیڈروم والا مکان فراہم کرنے کا وعدہ کیاہے۔حیدرآباد کے سلم بستیوں سے پاک کرکے ٹی آرایس حکومت اپنا انتخابی وعدہ پورا کرناچاہتی ہے۔