حیدرآباد، اوباما کے پرتپاک استقبال کا متمنی

امریکی وفد سے وزیر انفارمیشن کے ٹی راما راؤ کی بات چیت
حیدرآباد 2 ڈسمبر (این ایس ایس) تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے امریکہ کے صدر بارک اوباما کو اپنے دورۂ ہند کے موقع پر موتیوں کے شہر حیدرآباد کا بھی دورہ کرنے کی دعوت دی ہے اور کہا ہے کہ یہ شہر اب کئی محاذوں پر انتہائی پسندیدہ بین الاقوامی مرکز بن چکا ہے۔ کے ٹی راماراؤ نے سکریٹریٹ میں ایک امریکی وفد سے بات چیت کے دوران تلنگانہ کے اہم خدوخال سے واقف کروایا اور صدر اوباما کے دورہ حیدرآباد پر گرمجوشانہ خیرمقدم کی پیشکش کی۔ انھوں نے کہاکہ یہ شہر تیز رفتار ترقی کے راستہ پر گامزن ہے۔ امریکی صدر اوباما چونکہ توقع ہے کہ 26 جنوری 2015 ء کو نئی دہلی میں منعقد شدنی یوم جمہوریہ ہند تقاریب میں شرکت کریں گے چنانچہ حکومت تلنگانہ بھی شہر حیدرآباد میں اُن کے پرتپاک استقبال کی متمنی ہے۔