سوئیٹزرلینڈ ‘ امریکہ ‘ جاپان کے کئی شہروں پر تاریخی شہر کو سبقت : نیشنل جیوگرافک میگزین
حیدرآباد 28 نومبر ( پی ٹی آئی ) تاریخی شہر حیدرآباد 2015 میں دنیا کا دوسرا بہترین مقام بن جائیگا ۔ 2015 میں جب جائزہ لیا جائیگا تو حیدرآباد دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر رہے گا ۔ ایک بین الاقوامی سفری اشاعت میں یہ پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ نیشنل جیوگرافک کے سفری میگزین میں شائع سالانہ گائیڈ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں سان فرانسسکو 2015 میں دنیا کا سب سے بہترین مقام بن جائیگا اور دنیا کے 20 بہترین مقامات میں حیدرآباد دوسرے مقام پر رہے گا ۔ ڈسمبر 2014 ۔ جنوری 2015 کے شمارہ میں اس میگزین نے تاریخی شہر حیدرآباد کو 20 بہترین مقامات کی فہرست میں دوسرے مقام پر رکھا ہے ۔ اس فہرست میںسوئیٹزر لینڈ کا شہر زیرماٹ ‘ امریکہ میں واشنگٹن ڈی سی کا نیشنل مال ‘ پیرو کے کورسیکا ‘ چیانل آئی لینڈ میں سارک ‘ جاپان کا مقام کویاسان ‘ اوکھلاہاما شہر اور رومانیہ میں مرامورس جیسے مقامات بھی شامل ہیں۔ میگزین میں کہا گیا ہے کہ حیدرآباد شہر کبھی دنیا کے دولتمند ترین افراد میں شامل آصف سابق نواب میر عثمان علی خاں کا مسکن تھا ۔ کہا گیا ہے کہ اس شہر کا شاعرانہ ماضی جنوب مشرقی ہندوستان کے شہر کو اہمیت دلانے میں نمایاں ہے ۔ میگزین میں کہا گیا حیدرآباد کس طرح سے اب کئی عالمی آئی ٹی برانڈز ‘ بے مثال تاج فلک نما پیالیس ‘ ایرانی ہوٹلوں ‘ پانچویں نسل کے موتیوں کے بیوپاریوں اور دیگر شعبوں کی کشش کے ساتھ توجہ کا مرکز بن گیا ہے ۔