حیدرآباد کے 18 مقامات پر ملٹی لیول پارکنگ سسٹم کی تعمیر

سکندرآباد ریلوے پر ملیشیاء طرز کا پارکنگ نظام، اراضیات کی نشاندہی، کے ٹی آر کا ادعا

حیدرآباد ۔ 25 مارچ (سیاست نیوز) وزیربلدی نظم و نسق تلنگانہ کے ٹی آر نے سکندرآباد کے ریلوے اسٹیشن پر ٹریفک مسائل کا اعتراف کرتے ہوئے ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے ملیشیاء کے طرز پر ملٹی لیول پارکنگ تعمیر کرنے کی تجویز سے واقف کرایا۔ اس کے علاوہ حیدرآباد کے 18 مقامات پر ملٹی لیول پارکنگ سسٹم تعمیر کرنے کیلئے اراضیات کی نشاندہی کرلینے کا دعویٰ کیا۔ آج اسمبلی میں مختصر سوالات کے دوران ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی جی سائنا کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے پاس ٹریفک کے مسائل ہے جس کا حکومت کو اعتراف ہے۔ وہ اس سلسلہ میں ساؤتھ سنٹرل ریلوے سے مذاکرات کرچکے ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو ملیشیاء کے کوالالمپور کے ریلوے اسٹیشن کے طرز پر ترقی دینے کا ارادہ رکھتی ہے جس کیلئے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے جہاں گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے ملٹی لیول پارکنگ سسٹم قائم کرنے کی بھی تجویز ہے۔ اس کے علاوہ حیدرآباد میں گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے 18 مقامات پر ملٹی لیول پارکنگ سسٹم قائم کرنے کیلئے اراضیات کی نشاندہی کرلی گئی ہے جس پر بہت جلد کام شروع ہوجائے گا۔