حیدرآباد کے چڑیا گھر میں بڑے پیمانہ پر سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات

حیدرآباد 4جنوری (یواین آئی )شہر حیدرآباد کے مشہور نہرو زوالوجیکل پارک میں بڑے پیمانہ پر سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔حکام اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہاں آنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو ۔زو پارک کا گزشتہ سال30لاکھ افراد نے مشاہدہ کیا تھا ۔چڑیا گھر میں بیٹری سے چلنے والی گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کے لئے ایک گروپ کے لئے مکمل گاڑی کی بکنگ کے سسٹم کو شرو ع کیا گیا ہے ۔ان گاڑیوں کے ذریعہ 40منٹ میں مکمل چڑیا گھر کو دیکھنے کی سہولت ہے ۔ان گاڑیوں میں بیٹھنے کے لئے چھ مقامات یا پھر اسٹاپس کی نشاندہی کی گئی ہے ۔زو میں ایسی 42گاڑیاں دستیاب ہیں جبکہ دو گاڑیاں سرکاری استعمال کے لئے ہیں۔کسی بھی چھٹی کے دن زو دیکھنے آنے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جاتا ہے ۔کم وبیش تقریبا35000افراد کسی بھی تعطیل کے دن زو دیکھنے کے لئے آتے ہیں ۔زو دیکھنے آنے والے افراد کی رائے لینے کے سسٹم کا جلد ہی آغاز کیاجائے گا ۔چڑیا گھر میں عوام کو دی جارہی سہولتوں کی بہتری کیلئے عوام اپنی رائے دے سکتے ہیں۔یہ رائے آن لائن اور آف لائن دی جاسکتی ہے ۔محکمہ جنگلات زو میں انتہائی عصری سی سی ٹی وی زون کے قیام پر بھی غور کر رہا ہے ۔اس کا مقصد زو پارک کے تمام علاقوں کی نگرانی ہوگی ۔چڑیا گھر کے اہم مقامات پر پہلے ہی 40سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جاچکے ہیں ۔اس کی تعداد میں اضافہ کیاجائے گا۔