حیدرآباد۔14ستمبر ( پی ٹی آئی) جاں بحق حیدرآباد کے چار عازمین کی تکفین و تدفین مکہ معظمہ میں عمل می ںآئے گی ۔ ان شہیدوں کے غمزدہ ورثاء کی خواہش پر حکومت تلنگانہ نے جدہ میں ہندوستانی قونصلیٹ جنرل سے یہ درخواست کی ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جو چین کے دورہ پر ہیں ‘ اس سانحہ میں عازمین کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ کے سی آر نے اس ضمن میں متعلقہ عہدیداروں سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور عازمین کی ممکنہ مدد کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ متوفیوں کے رشتہ داروں کو حیدرآباد سے حج کیلئے روانہ کیا جائے گا ۔ مکہ معظمہ کی مسجد الحرام میں جمعہ کو ایک دیوہیکل کرین گرپڑنے کے سبب 115 عازمین حج شہید ہوگئے تھے جن میں 11کا تعلق ہندوستان سے ہے ۔ مناسک حج کے آغاز سے بمشکل دو ہفتے قبل یہ المیہ رونما ہوا ۔( متعلقہ خبر صفحہ 2پر)