حیدرآباد کے نوجوان کی امریکہ میں سڑک حادثہ میں موت

حیدرآباد 14 مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد کے علاقہ نلہ کنٹہ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کی امریکہ میں ایک سڑک حادثہ میں موت واقع ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق 27 سالہ جی ستیش ریڈی 11 مئی کی صبح ورزش کیلئے بذریعہ کار جِم جارہا تھا کہ مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار نامعلوم کار نے اُسے ٹکر دے دی۔ اِس حادثہ میں وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ حالانکہ یہ واقعہ 3 دن قبل پیش آیا لیکن ستیش ریڈی کے پاس اُس کے شناختی کارڈ نہ ہونے سے نعش کی شناخت میں دشواری ہوئی۔ ستیش ریڈی کی موت کی اطلاع کے بعد نلہ کنٹہ میں واقع اُس کے مکان میں کہرام مچ گیا۔ ستیش ریڈی کے والد مدھو سدن ریڈی جو بی ایچ ای ایل کے ریٹائرڈ ملازم ہیں، نے کہاکہ اُن کے بیٹے کی موت کے بعد دوستوں نے اطلاع دی۔ اُنھوں نے کہاکہ اُن کا بیٹا ستیش سائنس میں ماسٹرس کرنے کے بعد ایک سال قبل ہی امریکہ گیا تھا اور ملازمت کررہا تھا۔ ستیش ریڈی کے ارکان خاندان نے این آر آئی سیل سے رابطہ قائم کیا اور مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج کو حادثہ سے واقف کروایا اور مدد کی اپیل کی۔ اِسی دوران نارتھ امریکہ کی تلگو اسوسی ایشن نے ستیش ریڈی کے دوست اور بھائی سے امریکہ میں رابطہ قائم کیا ہے اور مزید کارروائی کی جارہی ہے۔