فلمی صنعت کاروں کی چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کے بعد انکشاف
حیدرآباد ۔ یکم اگسٹ (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ شہر کے نواحی علاقوں میں 2 ہزار ایکر پر محیط سنیما سٹی کی تعمیر کا منصوبہ رکھتی ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے ہمراہ فلمی صنعت سے وابستہ افراد کے اجلاس کے دوران اِس بات کا انکشاف ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ موجودہ فلمی صنعت کو حیدرآباد میں باقی رکھتے ہوئے اُنھیں مزید بہتر مواقع فراہم کرنے کی غرض سے شہر کے مضافات میں 2 ہزار ایکر پر محیط سنیما سٹی کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے تاکہ فلمی صنعت میں روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکیں۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ ریاست تلنگانہ میں اقتدار حاصل ہونے کے بعد سے صنعت کاروں کو راغب کرنے کے لئے متعدد مرتبہ اجلاس منعقد کرچکے ہیں اور اُنھیں اِس بات کی طمانیت فراہم کررہے ہیں کہ ریاست تلنگانہ میں اُنھیں ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ تلگو فلمی صنعت جوکہ بنیادی طور پر چینائی سے تعلق رکھنے والی تھی، اِسے آندھراپردیش منتقل کیا گیا تھا۔ اب جبکہ حیدرآباد میں تلگو فلمی صنعت کا مرکز موجود ہے، ایسی صورت میں تلگو فلمی صنعت کو فروغ دینے کے لئے حکومت تلنگانہ کو اقدامات کرنے چاہئے اور حکومت کو اِس بات کا بخوبی اندازہ ہے۔ اِسی لئے حکومت کی جانب سے سنیما سٹی کی تعمیر کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ فلمی صنعت سے وابستہ سرمایہ کاروں کے خدشات کو دور کرنے میں مصروف ہیں۔ اُنھوں نے مزید بتایا کہ حیدرآباد سے فلم انڈسٹری کو منتقل ہونے کی قطعی ضرورت نہیں ہے چونکہ حکومت تلنگانہ اُن کی بھرپور مدد کے لئے تیار ہے۔ علاوہ ازیں حیدرآباد کا موسم اور آب و ہوا فلموں کی شوٹنگ کے لئے بہترین تصور کیا جاتا ہے۔ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے بتایا کہ سنیما سٹی کے ذریعہ حکومت علیحدہ اسٹوڈیوز برائے گرافک اور دیگر تکنیکی اُمور پر مشتمل لیابس تعمیر کرے گی۔ فلمی صنعت کی جانب سے چیف منسٹر کے اِس اعلان کا خیرمقدم کیا جانے لگا ہے۔ ریاست کی تقسیم کے بعد فلمی صنعت میں موجود آندھرائی افراد حیدرآباد میں صنعت کی برقراری کے متعلق خدشات کا شکار تھے لیکن حکومت تلنگانہ کی جانب سے سنیما سٹی کی تعمیر کے منصوبہ کے اعلان نے اُن کے خدشات کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے بلکہ ایک نئی سنیما سٹی کی تعمیر ریاست تلنگانہ کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔