حیدرآباد۔/9اپریل، ( سیاست نیوز) عصری دور میں آن لائن خرید و فروخت میں اپنا منفرد مقام رکھنے والی کمپنی امیزان کی جانب سے حیدرآباد کے نواحی علاقوں میں ملک کا سب سے بڑا گودام شروع کیا جائے گا۔ امیزان نے ریاست تلنگانہ میں 200کروڑ کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے اور اس سرمایہ کاری کے ذریعہ شہر میں موجود بیروزگار نوجوانوں کو روزگار حاصل ہونے کی امیدوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ تفصیلات کے بموجب حکومت تلنگانہ نے2لاکھ 80ہزار اسکوائر فٹ اراضی کتورمنڈل کے قریب امیزان کو اندرون 11یوم تمام درکار اجازت ناموں کے ساتھ حوالے کرچکی ہے۔ 200کروڑ کی اس سرمایہ کاری کے ذریعہ امیزان کی جانب سے اندرون 15یوم پراجکٹ پر عملی ترقیاتی کاموں کا آغاز کردیا جائے گا۔ گزشتہ یوم امیزان کمپنی کے سینئر وائس پریسیڈنٹ مسٹر ڈوے کلارک نے ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے اس معاہدہ کو قطعیت دی۔ ذرائع کے بموجب امیزان ابتداء میں ریاست کرناٹک میں ملک کے سب سے بڑے گودام کے آغاز کا منصوبہ تیار کرچکا تھا لیکن کرناٹک میں محصولات کے متعلق مسائل کے پیش نظر امیزان نے تلنگانہ کا رُخ کیا ہے۔ امیزان حیدرآباد کے نواحی علاقوں سے نہ صرف تجارتی گودام کی سرگرمیاں انجام دے گی بلکہ امیزان کمپنی اس گودام و حکومت کی جانب سے دی گئی اراضی کا بہتر سے بہتر استعمال کرتے ہوئے ریاست میں مزید سرمایہ کاری پر بھی غور کرے گی۔ علاوہ ازیں امیزان انفارمیشن ٹکنالوجی میں بھی سرمایہ کاری کے متعلق غور کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ امیزان کے تجارتی ماڈل کو ریاستی کمرشیل ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے منظوری دے دی ہے اور محکمہ صنعت کی جانب سے بھی اسے ای کامرس فرم کا درجہ فراہم کئے جانے کی امید ہے۔ امکان ہے کہ امیزان کو ای کامرس کمپنیز کی فہرست میں محکمہ صنعت کی جانب سے شامل کرلیا جائے گا۔