74 کیلو میٹر کا احاطہ کیا جائیگا ، کڈیم سری ہری ڈپٹی چیف منسٹر کا ادعا
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ڈپٹی چیف منسٹر کڈی سری ہری نے کہا کہ حیدرآباد کے طرز پر ورنگل میں 74 کیلو میٹر طویل آوٹر رنگ روڈ تعمیر کی جارہی ہے ۔ شہر ورنگل کی ترقی کے لیے 300 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں اور ورنگل کو تعلیمی مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے کہا کہ ورنگل کو ترقی دینے کے لیے چیف منسٹر کے سی آر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے جہاں 44 ماہ مکمل ہورہے ہیں وہیں بحیثیت ڈپٹی چیف منسٹر ان کے 36 ماہ مکمل ہورہے ہیں ۔ یہ موقع فراہم کرنے پر وہ چیف منسٹر اور ضلع کے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل میں 74 کیلو میٹر تک رنگ روڈ تعمیر کیا جارہا ہے ۔ اس سلسلے میں حکومت نے 12 کمپنیوں سے یادداشت مفاہمت پر دستخط کی ہے ۔ میگا ٹیکسٹائیل پارک کے قیام سے ضلع ورنگل کی ترقی میں چارچاند لگ جائیں گے ۔ قاضی پیٹ آر او بی کو 4 لائن سڑک میں تبدیل کیا جارہا ہے جس سے بڑی حد تک ٹریفک مسائل حل ہوجائیں گے ۔ ورنگل میں عنقریب مزید تین آئی ٹی پراجکٹس قائم کئے جائیں گے ۔ تلنگانہ میں صرف فلاح و بہبود پر 40 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں ۔ ترقی اور فلاح و بہبود کے معاملے میں تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست ہے ۔ کئی قائدین نے تلنگانہ کی تشکیل کی مخالفت کی تھی تاہم چیف منسٹر کے سی آر نے بہترین حکمرانی کرتے ہوئے تمام شعبہ حیات میں تلنگانہ کو نمبر ون مقام دلایا ہے ۔ شہر حیدرآباد کے بعد چیف منسٹر ورنگل کی ترقی پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں ۔ روزگار کے لیے نقل مقام کرنے والے بافندوں کو واپس لانے کے لیے کاکتیہ میگا ٹکسٹائیل پارک قائم کیا جارہا ہے ۔ یہ پارک ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا پارک ہوگا ۔ جس میں فارما سے فیشن تک تمام چیزیں موجود رہیں گی ۔ 78 کروڑ روپئے کے مصارف سے فاطمہ میں آر او بی تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔ ورنگل میں آئی ٹی پارک توسیع کرنے کی ریاستی وزیر کے ٹی آر نے اجازت دے دی ہے ۔ بہت جلد مزید آئی ٹی پارکس قائم کئے جائیں گے ۔ کالیشورم لفٹ اریگیشن کی تکمیل پر سب سے پہلے اس اسکیم سے غیر منقسم ضلع ورنگل کو فائدہ پہونچے گا ۔ توپاکالہ گوڑم میں بیارج کی تعمیر کے لیے 1600 کروڑ روپئے مختص کیے گئے ہیں۔ ملکاپور میں 10.7 ٹی ایم سی پانی کی گنجائش والا ذخیرہ آب کی تعمیر کے لیے بہت جلد ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے ۔۔