حیدرآباد کو پینے کے پانی کی سربراہی اولین ترجیح: کے سی آر

حیدرآباد۔5جنوری( پی ٹی آئی)چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ حیدرآباد کی موجودہ آبادی اور مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اقدامات کریں ۔ انہوں نے آج دارالحکومت حیدرآباد پینے کے پانی کی سربراہی کے مسئلہ پر ایک اجلاس منعقد کیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ صنعتی شعبہ میں اضافہ کے پیش نظر توقع ہے کہ شہر کی آبادی بھی بڑھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں ‘ ہوٹلس ‘ ہاسپٹلس ‘ ریلویز ‘ تعلیمی اداروں اور ایئرپورٹس کے علاوہ عوام الناس کو پانی کی مؤثر سربراہی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جانے چاہیئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گوداوری ندی کے پانی کا رُخ یلم پلی سے حیدرآباد کی سمت موڑنے کا کام تیز کیا جانا چاہیئے ۔ اس کے علاوہ کرشنا کا پانی بھی سری سیلم سے حیدرآباد منتقل کیا جانا چاہیئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد واٹر بورڈ کو 100کروڑ روپئے جاری کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت حیدرآباد کو پانی کی سربراہی کو اولین ترجیح دے گی ۔ اس مقصد کیلئے ساری ریاست میں واٹر گرڈ پراجکٹ شروع کئے جائیں گی تاکہ ہر گھر کو پینے کا پانی سربراہ ہوسکے ۔ چیف منسٹر نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں سے علحدہ تبادلہ خیال کیا ۔