حیدرآباد کو عوام دوست شہر بنایا جائے گا

فٹ اوور ، روڈ اوور بریجس کام کے لیے ٹنڈرس کی طلبی ، کے ٹی آر
حیدرآباد ۔ 25 ۔ ستمبر : ( آئی این این ) : ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے آج کہا کہ شہر حیدرآباد کو عوام دوست شہر میں تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ یہاں راہگیری پراجکٹ کے آغاز کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ سا فٹ اوور بریجس اور 166 روڈ اوور بریجس کی تعمیر کے لیے عنقریب ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ فٹ پاتھس پر سے قبضوں کی برخاستگی عمل میں لائیں تاکہ راہروں اور سیکل رانوں کو سہولت ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ سائبر آباد پولیس دو سیکل اسٹیشنوں کا قیام عمل میں لائے گی ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ پانچ تا چھ تاریخی عمارتوں کو گاڑیوں سے پیدا ہونے والی آلودگی سے بچایا جائے گا ۔ جی ایچ ایم سی کمشنر سومیش کمار نے اس بات کا تیقن دیا کہ عالی تاریخی عمارتوں کے علاقوں کو ٹریفک فری اور آلودگی سے پاک علاقے بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ پیدل راہروں کو فٹ پاتھس پر قبضوں سے راستہ طئے کرنے میں بے حد مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو پولس کانفرنس کے پیش نظر شہر کے 125 کلومیٹر علاقے کو ناجائز قبضوں سے پاک کیا جانا ہے ۔ حیدرآباد پولیس کمشنر ایم مہیندر ریڈی نے کہا کہ شہر کی ٹریفک پولیس ونگ سڑکوں کو محفوظ بنانے کی غرض سے نئے ٹکنالوجیز کو اپنا رہی ہے ۔ انہوں نے اس تعلق سے عوام میں شعور بیداری کی ضرورت پر زور دیا ۔ ٹائمس آف انڈیا کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر کنگشوک ناگ اور مختلف محکمہ جات کے سینئیر عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے ۔۔