حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے 23 ہزار کروڑ کی ترقیاتی اسکیمات

وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق تلنگانہ کے تارک راما راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔ 3 جنوری(سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و بلدی نظم و نسق کے ٹی راما رائو نے کہا کہ حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کے لیے حکومت اپنے عہد پر قائم ہے۔ 23 ہزار کروڑ کی ترقیاتی اسکیمات حیدرآباد میں عمل کی جارہی ہیں۔ کے ٹی آر نے آج حیدرآباد میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔ ایپّا سوسائٹی چوراہے پر 450 میٹر طویل انڈرپاس کا انہوں نے ریاستی وزراء این نرسمہا ریڈی اور مہیندر ریڈی کے ہمراہ افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ منصوبہ بند راستوں کی ترقی سے متعلق اسکیم ایس آر ڈی پی کے پہلے مرحلہ کے تحت یہ کام انجام دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور عوام کو بہتر خدمات حکومت کا اولین مقصد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انڈرپاس وے کی تکمیل کے لیے 12 ماہ کی مدت مقرر کی گئی تھی لیکن 9 ماہ میں یہ کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آر ڈی پی اسکیم پر 4 مرحلوں میں عمل کیا جائے گا۔ 110 کیلومیٹر طویل ایلیویٹر کاریڈار کی تعمیر کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں 23 ہزار کروڑ کے ترقیاتی کام جاری ہیں۔ ایس آر ڈی پی اسکیم کے تحت 3,200 کروڑ کے کام انجام دیئے جائیں گے۔ مزید 3 ہزار کروڑ کے کاموں کے سلسلہ میں ٹینڈرس طلب کیے گئے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ شہر کو ہر طرح سے ترقی دی جائے گی اور اس کا شمار عالمی معیارات کے حامل شہروں میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کا شمار بہتر سہولتوں کے اعتبار سے ملک کے چنندا شہروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں سے حیدرآباد کا انتخاب بہتر زندگی کی سہولتوں کے حامل شہر کی حیثیت سے ہورہا ہے۔ ملک میں ممبئی شہر کے بعد حیدرآباد کو او ڈی ایف شہر کا درجہ حاصل ہوا جس کے لیے انہیں کافی خوشی ہے۔ انہوں نے بلدی عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن عوام کی بہتر خدمات میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عنبرپیٹ میں فلائی اوور کا کام جاریہ سال ستمبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔ وی ایس ٹی سے اندرا پارک تک فلائی اوور کی تعمیر حکومت کے زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوابدہی کے احساس اور مکمل شفافیت کے ساتھ اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے عوام سے ا پیل کی کہ وہ شہر کو خوبصورت اور بہتر سہولتوں کا حامل بنانے میں حکام سے تعاون کریں۔ اس موقع پر ریاستی وزراء این نرسمہا ریڈی اور مہیندر ریڈی کے علاوہ میئر حیدرآباد رام موہن، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین، کمشنر جی ایچ ایم سی جناردھن ریڈی اور دیگر عوامی نمائندے موجود تھے۔