حیدرآباد کو صاف ستھرا بنانے کے لئے جی ایچ ایم سی کی نوجوانوں پر نظریں

حیدرآباد۔22 جون(سیاست ڈاٹ کام) گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے پہلی مرتبہ حیدرآباد میں طلبہ اور برسرکار پیشہ ور افراد کے لئے انٹرن شپ کی پیشکش کی ہے۔ جاری سوچھ بھارت پروگرام کے خطوط پر اس پروگرام کا مقصد شرکاء کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا حقیقی موقع فراہم کرنا اور جی ایچ ایم سی میں نئے آئیڈیاز اور توانائی کو لانا ہے۔ شرکاء کو جی ایچ ایم سی میں کام کرنے کا تجربہ حاصل ہوگااور کارپوریشن سے جڑے بہت سے لوگوں شہریوں، تجارتی اداروں، مکینوں وغیرہ سے تبادلہ خیال کرنے کا موقع حاصل ہوگا۔ توقع کی جارہی ہے کہ شرکاء جی ایچ ایم سی کے ایک یا زائدعلاقوں کا دورہ کریں گے اور حیدرآباد میں بہترصفائی ستھرائی کے مقصد میں اپنا حصہ ادا کریں گے ۔خشک اور تر کچرے کی علحدگی کے وسائل پر عوام میں شعور بیدار کریں گے۔ یہ پروگرام توقع ہے کہ نہ صرف شرکاء کو سیکھنے کا ایک بہترین موقع فراہم کرے گا بلکہ حیدرآباد شہر کو صاف ستھرا شہر بنانے جی ایچ ایم سی کی جانب سے کئے جانے والے جاری اقدامات میں مزید بہتری آئے گی۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرنا ہے اور انہیں حیدرآباد کی انقلابی صفائی و ستھرائی میں قابل لحاظ حصہ ادا کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ جی ایچ ایم سی کو یقین ہے کہ زیادہ تعداد میں نوجوانوں کو جوڑتے ہوئے حیدرآباد کو صاف ستھرا شہر بنانے میں شہریوں کی مشغولیت میں اضافہ ہوگا۔