حیدرآباد کو سنگاپور کے طرز پر ترقی دی جائیگی : کے سی آر

حیدرآباد 25 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ حیدرآباد میٹرو پولیٹن شہر کو سنگاپور کی طرح بہترین کاروباری مرکز کی حیثیت سے ترقی دی جائیگی ۔ چیف منسٹر نے آج مہارانا اگرسین جی جینتی کے موقع پر اگرسین کے مجسمہ کی گلپوشی کی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حیدرآباد شہر میں کئی کاروباری مواقع ہیں۔ یہاں ایک کروڑ سے زائد کی آبادی ہے ۔ حکومت اس بات کو یقینی بنائیگی کہ کسی بھی کاروباری کو کسی طرح کی ہراسانی کا سامنا کرنا نہ پڑے ۔ حکومت کی پالیسی صنعتکاروں کی حوصلہ افزائی کرنے کی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں حیدرآباد بہت تیزی سے ترقی کریگا ۔ وہ چاہتے ہیں کہ شہر کو ملک بھر میں اولین مقام حاصل ہوجائے ۔ انہوں نے کہا کہ ویشیا برادری سماج میں ایک اہم رول ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ 1969 کی تلنگانہ تحریک میں بیگم بازار کے مارواڑی طبقہ نے اہم رول ادا کیا تھا اور گلزار حوض ہمہ جہتی کلچر کی ایک بہترین مثال بنا تھا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر ٹی راجیا ‘ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی ‘ وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی ‘ سکندر آباد ایم پی بنڈارو دتاتریہ اور دوسروں نے شرکت کی ۔