حیدرآباد کو خطرہ ظاہر کرنا نامناسب بات، صدر بی جے پی تلنگانہ جی کشن ریڈی کے بیان پر سرینواس گوڑ کا ردعمل

حیدرآباد۔/3ستمبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی سرینواس گوڑ نے بی جے پی صدر کشن ریڈی کے مخالف حکومت بیانات پر سخت تنقید کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے حیدرآباد کی ترقی سے متعلق کشن ریڈی کے بیان کو نامناسب قرار دیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے حیدرآباد کی ترقی کو نظرانداز کرنے یا حیدرآباد کو خطرہ ظاہر کرنے سے متعلق بیان مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاست کو کسی چیز سے خطرہ ہے تو وہ فی الوقت بی جے پی ہے جو ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے امن و ضبط کی صورتحال پوری طرح قابو میں ہے اور یہ تلنگانہ حکومت کا کارنامہ ہے۔ سرینواس گوڑ نے کہا کہ بی جے پی صدر کشن ریڈی کو چاہیئے کہ وہ حکومت پر تنقیدوں کے بجائے تلنگانہ کو مرکز سے فنڈز کی اجرائی کی مساعی کریں۔ مرکز میں زیر اقتدار بی جے پی حکومت تلنگانہ کو بجٹ کی اجرائی سے گریز کررہی ہے جس کے باعث کئی ترقیاتی کام رکاوٹ کا شکار ہیں۔ حکومت کے خلاف مہم چلانے کے بجائے بی جے پی قائدین کو چاہیئے کہ وہ تلنگانہ کو بجٹ کی اجرائی کیلئے مساعی کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین کے حکومت کے خلاف احتجاج سے کوئی سیاسی فائدہ حاصل نہیں ہوگا کیونکہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ مرکز میں بی جے پی برسراقتدار ہے اور تلنگانہ بی جے پی قائدین اپنی ریاست کیلئے بجٹ حاصل کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ سرینواس گوڑ نے بی جے پی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ کی ہمہ جہت ترقی میں حکومت سے تعاون کریں تاکہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کا خواب جلد پورا ہوسکے۔