حیدرآباد۔7جولائی ( پی ٹی آئی) گیس اتھاریٹی آف انڈیا لمٹیڈ ( گیل) اور ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن ( ایچ پی سی ایل ) کے مشترکہ تعاون سے چلائی جانے والی کمپنی بھاگیہ نگر گیس لمٹیڈ ( بی جی ایل ) نے آج کہا کہ مشرقی گوداوری کے موضع ناگارام میں گیل گیس پائپ لائن کے حالیہ دھماکے کے بعد اُس نے حیدرآباد اور کاکیناڈا میں سی این جی کی ریٹیل آؤٹ لیٹ کو سربراہی معطل کردی ہے ۔بھاگیہ نگر گیس لمٹیڈ کی طرف سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کمپریسڈ نیچرل گیس ( سی این جی ) کی گیل کی جانب سے وجئے واڑہ میں بی جی ایل کو سربراہی جاری رہے گی ۔ بی جی ایل حیدرآباد ‘ وجئے واڑہ اور کاکیناڈا میں کمپریسڈ نیچرل گیس سربراہ کرتا ہے۔بی جی ایل کے اس فیصلہ سے حیدرآباد میں 53,000ایس سی ایم ڈی‘سی این جی کی سربراہی مسدود ہوجائے گی ۔ یہ گیس موٹر گاڑیوں کیلئے استعمال کی جاتی ہے ۔ تاہم گھریلو استعمال کی پی این جی کی سربراہی جاری رہے گی ۔ گیس پائپ لائن درستگی کے بعد سی این جی کی سربراہی بحال کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔