ہوم گارڈس سے لیکر انسپکٹر کو لیاپ ٹاپس ، ٹابلیٹس کی فراہمی
حیدرآباد ۔ /6 فبروری (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کو اسمارٹ سٹی بنانے کے مقصد سے سٹی پولیس سنجیدہ طور پر کام کررہی ہے اور اس سلسلے میں آج شہر حیدرآباد کے تمام پولیس اسٹیشنوں و دیگر یونٹس کو وائی فائی زون میں تبدیل کرنے کیلئے کمشنر پولیس حیدرآباد نے آج ہائی اسپیڈ وائی فائی روٹرس فراہم کئے ۔ دفتر کمشنر پولیس بشیرباغ میں منعقدہ ایک تقریب میں مسٹر مہیندر ریڈی نے اپنے خطاب میں بتایا کہ شہر کے تمام پولیس اسٹیشنوں کے علاوہ سٹی آرمڈ ریزورو ، سٹی سکیورٹی ونگ ، اسپیشل برانچ ، ٹاسک فورس کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنران و ڈپٹی کمشنران کے دفاتر میں بھی وائی فائی کی سہولت سے آراستہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کا مقصد یہ ہے کہ محکمہ پولیس کے ملازمین انٹرنیٹ کے ذریعہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں اور ان کے مقررہ وقت تک کام کی تکمیل اور محکمہ کے ایپس کے ذریعہ معلومات حاصل کرنے میں آسانی ۔ مسٹر مہیندر ریڈی نے بتایا کہ وائی فائی نیٹ ورک کے ذریعہ پولیس اسٹیشن کے ہوم گارڈ تا انسپکٹر اس سہولت سے اپنے لیپ ٹاپس ، ٹیب لیٹس اور موبائیل فونس کے ذریعہ انٹرنیٹ سے استفادہ کرسکتے ہیں اس کے علاوہ اہم معلومات اور روزانہ کی سرگرمیوں سے متعلق اور کرائم ڈاٹا و دیگر اپلیکیشنس بشمول ہاک آئی کا استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ وائی فائی نیٹ ورک کے ذریعہ حیدرآباد سٹی پولیس کے تمام ملازمین اس سہولت کے ذریعہ آپس میں بہتر تال میل قائم کرسکتے ہیں اور اہم فائلس و دیگر معلومات کو بروقت اپنے متعلقہ عہدیداروں کو روانہ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ عوام بھی اس وائی فائی نیٹ ورک کا پولیس اسٹیشنس میں اس وقت استفادہ کرسکتے ہیں جب وہ اپنے موبائیل فونس یا دیگر الیکٹرانک اشیاء میں موجود اہم معلومات و پولیس عہدیداروں کو فراہم کرسکتے ہیں ۔ اس موقع پر مسٹر مہیندر ریڈی نے دونوں شہروں کے انسپکٹران اور دیگر یونٹس کے عہدیداروں کو ہائی اسپیڈ وائی فائی روٹرس تقسیم کئے گئے ۔ اس تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مسٹر انجنی کمار اور ایڈیشنل کمشنر کرائمس شریمتی سواتی لکرا بھی موجود تھیں ۔