حیدرآباد کو استنبول کے خطوط پر ترقی دینے کا عزم

ترکی کے ساتھ قریبی تعلقات کی خواہش، یوم جمہوریہ تقریب سے کے ٹی راما راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔/30اکٹوبر(سیاست نیوز)تلنگانہ میںمقیم ترکی عوام کو 91ویںیوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ریاستی وزیر آئی ٹی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہاکہ ریاستی انتظامیہ ترکی سے دوستانہ تعلقات میں اضافے کی خواہاں ہے۔ آج یہاں شہر کی پانچ ستارہ ہوٹل ٹرینڈ میں منعقدہ ترکی کی یوم جمہوریہ تقریب سے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ استنبول شہر کی ترقی سے وہ بہت زیادہ متاثر ہیں اور تلنگانہ میں استنبول اور ترکی کے طرز پر ترقی کے خواہش مند بھی ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ میں بیرونی سرمایہ کاری کے لئے ریاستی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی رعایتوں کا بھی اس موقع پر حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ دیگر ترقی یافتہ ممالک کی طرح ترکی کے تجارتی اداروں کی سرمایہ کاری کے لئے بھی تلنگانہ ریاست کے دروازے کھلے ہیں۔مسٹرکے ٹی راما راؤ نے مزیدکہاکہ حالیہ عرصے میں ترکی سے راست حیدرآباد کیلئے کارگو فلائیٹ کا آغاز کیاگیا اور مجھے امید ہے بہت جلد پاسنجر فلائیٹ بھی راست حیدرآباد کے لئے شروع کردی جائے گی۔ کے ٹی آر نے کہاکہ سالانہ 40 ملین سیاح کی ترکی سے ہندوستان آمد ہوتی ہے جو حیدرآباد کے سیاحت کے لئے ایک خوش آئند اقدام ہے ۔ انہوں نے ترکی کے 91ویں قومی دن پر ترکی عوام بالخصوص ہندوستان میں مقیم ترکی شہریوںکو تلنگانہ حکومت کی جانب سے مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے مزیدکہاکہ ترکی اور تلنگانہ کے فن شاہکار میںبڑی حد تک مماثلت ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ کے شعبہ سیاحت کے فروغ کے لئے بھی حکومت تلنگانہ کی جانب سے کی جارہی کاوشوں کا اس موقع پر ذکر کیا۔ انہوںنے تلنگانہ میںسرمایہ کاری کے لئے ترکی کی جانب سے اٹھائے جانے والے ہر اقدام کا اس موقع پر خیرمقدم کیا۔ انہوں نے ترکی کے سفیر کو اس موقع پر ریاستی وزارت انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی کی جانب سے ایک تحفہ بھی پیش کیا۔ ترکی کے سفیر برائے ہند مسٹر عمرلو نے ترکی کے 91ویں قومی دن کی ترکی عوام کے علاوہ دیگر کو مبارکباد پیش کی۔انہو ں نے اس موقع پر ترکی کی خارجی پالیسی کے متعلق بتایا کہ دنیا بھر کے ترکی دوست ممالک سے وہ بہتر تعلقات برقرار رکھنا کے خواہاں ہیں تاکہ دنیا کی ترقی میں ترکی کی عوام کو بھی حصہ داری بنائے رکھیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ ترکی اپنی قدیم و تاریخی خارجہ پالیسی سے کبھی پیچھے نہیںہٹے گا جو دنیا بھر میںامن کی بحالی ‘ انصاف کو یقین بنانے کے لئے بنائی گئی ہیں۔انہوں نے ترکی کے قومی دن تقریب میں شرکت کرنے والی شہر حیدرآباد کی تمام معزز شخصیتوں کا اس موقع پر خیرمقدم اور استقبال کیا۔تقریب میںشرکت کرنے والے معزز شہریوں میںجناب عامر علی خان‘ امریکی قونصلیٹ جنرل حیدرآباد جناب مائیکل مولین ‘ سفیر برائے ایران جناب حسن نوریان ‘سابق پولیس کمشنر حیدرآباد جناب اے کے خان‘ ڈی جی پی جناب انوراگ شرما ‘ سماجی جہدکار محترمہ انورادھا ریڈی‘ کانگریس قائد جناب خلیق الرحمن اور دیگر شامل ہیں۔