آر ٹی سی اور خانگی موٹر گاڑیوں کو الیکٹرانک گاڑیوں پر توجہ دینے کا مشورہ : کے سی آر
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے شہر حیدرآباد کو آلودگی سے پاک بنانے کے لیے الیکٹرانک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آر ٹی سی کے بشمول جی ایچ ایم سی میں رفتہ رفتہ الکٹرانک گاڑیوں کے استعمال میں توسیع دیتے ہوئے خانگی شعبہ کو بھی الکٹرانک گاڑیاں خریدنے کے معاملے میں شعور بیدار کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ چین کی الکٹرانک گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی بی وائی ڈی آٹو انڈسٹری کمپنی لمٹیڈ کے نمائندوں نے پرگتی بھون میں آج چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی ۔ صد فیصد بیاٹری سے چلنے والی گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی مقامی کمپنیوں کے ساتھ مل کر حیدرآباد میں کمپنی کے قیام سے چیف منسٹر کو واقف کرایا ۔ جس پر چیف منسٹر کے سی آر نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے مکمل تعاون کرنے کا تیقن دیا ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ چھوٹے و بڑے شہروں میں دن بہ دن آلودگی میں زبردست اضافہ ہورہا ہے۔ آبی آلودگی کو گھٹانے کے لیے الکٹرانک گاڑیوں کا استعمال واحد حل ہے ۔ تلنگانہ میں بتدریج الکٹرانک گاڑیوں کے استعمال میں اضافہ کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے پہلے مرحلے میں 500 الکٹرانک گاڑیاں خریدنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سارے ملک میں زیادہ سے زیادہ الکٹرانک گاڑیاں استعمال کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی پرنسپل سکریٹری نرسنگ راؤ آر ٹی سی منیجنگ ڈائرکٹر رمنا راؤ ، بی وائی ڈی جنرل منیجر لیوجولنگ ایگزیکٹیو ڈائرکٹر جانگ جی کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ بی وائی ڈی کمپنی کی جانب سے تیار کردہ الکٹرانک بس میں چیف منسٹر نے تھوڑی دور سفر کیا ۔ بس کا سفر معیاری اور محفوظ ہونے کا دعویٰ کیا ۔ آلودگی سے پاک آرام دہ سفر کے لیے تیار کردہ بس کی ستائش کی ۔ بی وائی ڈی کمپنی کے نمائندوں نے بتایا کہ ایک مرتبہ چارج کرنے پر 300 تا 400 کیلو میٹر تک الکٹرانک گاڑی چلائی جاسکتی ہے ۔ تین گھنٹے میں فل چارجنگ ہوجائے گی۔ بسوں کے بشمول کار ، آٹو ، ٹرکس کی تیاری پر بھی روشنی ڈالی ۔۔