حیدرآباد کا تاریخی ’ چارمینار ‘ خستہ حالی کا شکار

دیواروں سے پانی کا بہاؤ ، سوشیل میڈیا پر ویڈیو وائرل ، شہریوں میں ہلچل
حیدرآباد۔31جنوری (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کی شناخت چارمینار کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے اور چارمینار میں پرنالوں کے بجائے چارمینار کی دیواروں سے پانی بہنے لگا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ویڈیو سے شہریوں میں ہلچل پیدا ہوچکی ہے اورکہا جا رہاہے کہ شہر حیدرآباد کی تاریخی عمارت کو بھاری نقصان ہونے لگا ہے جبکہ محکمہ آثار قدیمہ کے عہدیداروں کا کہناہے کہ جس جگہ سے پانی بہنے کا یہ ویڈیو ہے اس جگہ پر پانی جمع ہوتا ہے اور وہیں سے بہتا بھی ہے لیکن محکمہ آثار قدیمہ کے عہدیدارو ںکا یہ دعوی کس حد تک صحیح ہے اس کا اندازہ ویڈیو دیکھتے ہی لگایا جاسکتا ہے کیونکہ جس جگہ سے پانی بہہ رہا ہے وہا ں کوئی پرنالہ یا پانی جانے کیلئے جگہ بنی ہوئی نہیں ہے بلکہ ایسا محسوس ہورہا ہے کہ چارمینار کے دیوار سے اندرونی حصہ میں جمع پانی بہہ رہا ہے۔گذشتہ اتوار کو شہر میں ہوئی موسلا دھار بارش کے دوسرے دن بنائی گئی اس ویڈیو کے متعلق کہا جار ہاہے کہ تاریخی عمارت کے اندرونی حصہ میں جمع پانی کو ملازمین کی جانب سے خارج کیا جا رہا تھا اس وقت یہ ویڈیو ریکارڈ کیا گیا تھا۔باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق محکمہ آثار قدیمہ کے اعلی عہدیداروں میں اس ویڈیو سے ہلچل پیدا ہوچکی ہے اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ چارمینار کی تاریخی عمارت میں جمع پانی کے اخراج کے لئے بنائے گئے اس نئے سوراخ کی تحقیقات کی جائے کہ کس نے یہ عمل انجام دیا کیونکہ محکمہ کے عہدیداروں کا کہناہے کہ تاریخی چارمینار کی عمارت سے پانی کے اخراج کیلئے پرنالے موجود ہیں۔

ریلوے میں تقررات کے لیے
دفتر سیاست میں کوچنگ کلاسیس
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : انڈین ریلوے میں جونیر انجینئرس کے 14 ہزار پوسٹ پر تقررات کے لیے کمپیوٹر پر مبنی ٹسٹ سی بی ٹی ، اپریل میں رکھا گیا ہے ۔ جو میاتھس ، سائنس ، ذہانت اور جنرل نالج کے آبجکٹیو ٹائپ سوالات پر ہوگا ۔ اس کی کوچنگ کلاس روزانہ صبح کے اوقات میں اور ہر اتوار کو 11 بجے دفتر سیاست میں رہے گی ۔ جو امیدوار فارم داخل کئے وہ محبوب حسین جگر ہال احاطہ سیاست عابڈس پر رجسٹریشن فارم داخل کرتے ہوئے کوچنگ کلاس میں شرکت کرسکتے ہیں ۔۔