چندر شیکھر راؤ کی ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات اور تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
حیدرآباد ۔ 15۔ جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے آج گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی۔ راج بھون میں تقریباً ایک گھنٹہ سے زائد تک یہ ملاقات جاری رہی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے تازہ ترین سیاسی صورتحال اور خاص طور پر نوٹ برائے ووٹ اسکام پر گورنر سے تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے اینٹی کرپشن بیورو کی تحقیقاتی پیشرفت کے علاوہ آندھراپردیش حکومت کی جانب سے فون ٹیاپنگ کے الزامات پر بھی بات چیت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد پر گورنر کو اختیارات سے متعلق سیکشن 8 اور امن و ضبط کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نوٹ برائے ووٹ اسکام منظر عام پر آنے کے بعد گورنر نے دہلی پہنچ کر مرکزی قائدین پر تازہ صورتحال سے واقف کرایا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ گورنر نے اپنے دورہ دہلی کی تفصیلات سے چیف منسٹر کو واقف کرایا۔ اسی دوران باوثوق ذرائع کے مطابق نوٹ برائے ووٹ اسکام کے پس منظر میں دونوں ریاستوں کے درمیان کشیدگی کو دیکھتے ہوئے مرکز نے گورنر سے متعلق کی خواہش کی تھی۔ مرکز کی ہدایت کے مطابق گورنر دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس سے ملاقات کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ کشیدگی کو کم کیا جاسکے۔ مرکز نے گورنر کو ہدایت دی تھی کہ وہ دونوں چیف منسٹرس کے ساتھ مشترکہ اجلاس طلب کرکے مسئلہ کی یکسوئی کریں۔ اس سلسلہ میں گورنر کے دو مشیروں نے کل چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی تھی۔ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کے سیکشن 8، ٹیلیفون ٹیاپنگ اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ اس ملاقات میں چندرا بابو نائیڈو نے حیدرآباد میں گورنر کو زائد اختیارات دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ ریاستوں کے درمیان تنازعہ کو کم کرنے کی کوشش کے طور پر گورنر کی ایماء پر چیف منسٹر نے آج ان سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ چندر شیکھر راؤ نے گورنر کو تلنگانہ حکومت کے موقف سے واقف کرایا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریونت ریڈی کی گرفتاری اور اینٹی کرپشن کی کارروائی میں حکومت کی کوئی مداخلت نہیں ہے۔ رکن اسمبلی کی شکایت کے بعد اینٹی کرپشن بیورو نے خفیہ کارروائی کے ذریعہ ریونت ریڈی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا۔ انہوں نے چیف منسٹر آندھراپردیش اور دیگر اہم شخصیتوں کے ٹیلیفون ٹیاپنگ کی تردید کی ۔ چندر شیکھر راؤ نے واضح کردیا کہ حیدرآباد میں سیکشن 8 پر عمل آوری کے ذریعہ گورنر کو زائد اختیارات کی تجویز کو وہ قبول نہیں کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ گورنر نے دونوں چیف منسٹرس کے درمیان کشیدگی کم کرنے مشترکہ اجلاس کی تجویز پیش کی۔