نوٹ برائے ووٹ اسکام کی تحقیقات کا خیر مقدم : پروفیسر کودنڈا رام
حیدرآباد۔ /18جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدرنشین پروفیسر کودنڈا رام نے نوٹ برائے ووٹ اسکام پر دونوں ریاستوں کی جانب سے ایک دوسرے پر الزام تراشی کو افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد شہر پر اپنا کنٹرول برقرار رکھنے کیلئے دونوں حکومتوں میں مسابقت جاری ہے۔ انہوں نے اسکام کی تحقیقات کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ تحقیقات کے ذریعہ حقائق کو منظر عام پر لانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اسکام کی تحقیقات میں تعاون کرتے ہوئے آندھرا پردیش حکومت کو عوام سے کئے گئے وعدوں اور ترقیاتی کاموں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے سیاسی الزام تراشی مناسب نہیں ہے۔ دونوں حکومتوں کو بھی چاہیئے کہ وہ عوام کی بھلائی اور ترقی پر توجہ مرکوز کریں۔ پروفیسر کودنڈا رام نے واٹر گرڈ اسکیم پر عمل آوری کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت سے کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام پر عمل آوری کے سلسلہ میں کئی شبہات پائے جاتے ہیں اور حکومت کی جانب سے یکطرفہ فیصلہ کرنا مناسب نہیں ہے۔