حیدرآباد پرانی شان کے ساتھ جدت پسندی کا شہر

آرکیٹکٹ حفیظ کنٹراکٹر سے چیف منسٹر کی ملاقات نئی تعمیرات پر بات چیت
حیدرآباد 11 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راو نے کہا کہ شہر حیدرآباد کو عالمی معیار کے ساتھ ایک عصری شہر کی حیثیت سے ترقی دی جانی چاہئے ۔ شہر کی تاریخی عمارتوں کو متاثر کئے بغیر جدت پسندی کا مرکز بنایا جائے ۔ انہوںنے ممتاز آرکیٹکٹ حفیظ کنٹراکٹر سے ملاقات کے دوران اپنے بیان میں کہا کہ تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں نئی تعمیرات پر خصوصی توجہ دی جانی چاہئے ۔ چیف منسٹر کی پیشی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ چندر شیکھر راو نے شہر حیدرآباد کی عظمت رفتہ کی برقراری کے ساتھ جدت پسندی کے تعمیرات کو ترجیم دینے پر زور دیا ۔ انہوں نے قلب شہر میں اندرا پارک کے روبرو تلنگانہ کلا بھارتی کے نام سے عالمی معیارات کا عامل ایک کنونشن سنٹر تعمیر کرنے کی تجویز رکھی۔ انہوں نے چارمینار ،حسین ساگر،سالارجنگ میوزیم اور دیگر تاریخی عمارتوں کے اطراف و اکناف میں سیاحوں کیلئے پرکشش بنانے کیلئے نئی جدید تعمیرات کے علاوہ ان علاقوں کو ترقی دینے کی حمایت کی ۔ چیف منسٹر موسی ندی کو کو پاک و صاف اور خوبصورت بنانے کیلئے منصوبے تیا رکرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے بین الاقوامی معیار کے مطابق سالار جنگ میوزیم کو ترقی دینے کی حمایت کی ۔ اسی دوران چیف منسٹر نے بنجارہ بھون کے علاوہ دیگر عمارتوں کا سنگ بنیاد رکھا ۔