23 تا 26 جنوری مقرر، فیسٹیول کو کامیاب بنانے کے ٹی راما راؤ کا تیقن
حیدرآباد ۔ 17 جنوری (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ حیدرآباد لٹریری فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کیلئے بھرپور تعاون کرے گی۔ یہ فیسٹیول 23 تا 26 جنوری حیدرآباد پبلک اسکول واقع بیگم پیٹ پر منعقد کیا جائے گا۔ آج یہاں ریاستی سکریٹریٹ میں حیدرآباد لٹریری فیسٹیول کے ذمہ داروں سے ملاقات کرنے کے بعد وزیر پنچایت راج و انفارمیشن ٹیکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے مذکورہ تیقن دیا اور انہوں نے بتایا کہ اس مجوزہ فیسٹیول میں 12 ممالک سے 14 مختلف زبانوں پر عبور رکھنے والے زائد از 135 رائیٹرس کی متوقع شرکت سے منتظمین حیدرآبادی لٹریری فیسٹیول نے وزیر موصوف کو واقف کروایا۔ علاوہ حیدرآباد لٹریری فیسٹیول کیلئے مسرس ٹام آلٹر، مہیش بھٹ، لیلا یامسن، جاوید اختر، ارون شوری و دیگر ممتاز شخصیتوں نے اپنی شرکت کی توثیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حیدرآباد لٹریری فیسٹیول کے انعقاد کا اہم مقصد تلگو اور اردو ادب کی نہ صرف اہمیت میں اضافہ کرنا ہے بلکہ اس کے فروغ و مقبولیت کو یقینی بنانا ہے۔ علاوہ ازیں بتایا گیا کہ اس حیدرآباد لٹریری فیسٹیول کے دوران ایک شام دکن کے نام سے موسوم ڈانس اور پوئٹری جگل بندی کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اس حیدرآباد لٹریری فیسٹیول کو ایک بین الاقوامی ایونٹ کے طور پر منعقد کرنے کی پرزور خواہش کی۔