حیدرآباد۔/21مارچ، ( پی ٹی آئی) یونیورسٹی آف حیدرآباد اور عثمانیہ یونیورسٹی نے یو جی سی کے اس اعلان کا آج خیرمقدم کیا کہ انہیں تدریسی، انتظامی اور مالی اُمور میں عظیم تر خودمختاری عطا کی جارہی ہے۔ دونوں یونیورسٹیوں نے کہا کہ وہ اس موقف سے بھرپور استفادہ کیلئے سلسلہ وار اقدامات کی تیاری کررہے ہیں۔ اس اعزاز پر یونیورسٹی آف حیدرآباد کے وائس چانسلر پروفیسر اپا راؤ پوڈیلے اور عثمانیہ یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر ایس رامچندرم نے خوشی کا اظہار کیا۔ دونوں یونیورسٹیوں کے حکام نے کہا کہ وہ مختلف محکمہ جات، مراکز اور فیکلٹی کے ساتھ غور و خوض کررہے ہیں کہ اس خود مختاری پر یونیورسٹیوں میں کس طرح بہترین انداز میں عمل درآمد کیا جاسکتا ہے۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن ( یو جی سی ) نے گزشتہ روز 62 اعلیٰ تعلیمی ادارہ جات کیلئے مکمل خود مختاری کو منظوری دے دی، جن میں یونیورسٹی آف حیدرآباد (سنٹرل یونیورسٹی ) اور عثمانیہ یونیورسٹی (اسٹیٹ یونیورسٹی ) شامل ہیں جہاں اعلیٰ تر معیارات برقرار رکھے جارہے ہیں۔