سری نگر، 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیرعلیٰ محبوبہ مفتی نے حیدر آبد میں سالانہ نمائش کے دوران بھیانک آگ سے کشمیری تاجروں کو پہنچے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جموں کشمیر کی گورنر انتظامیہ اور تلنگانہ حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرین کی بازآبادکاری کے لئے اقدام کریں۔محبوبہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہ ‘حیدرآباد کی نمائش میں آگ کی واردات سے کشمیری دکانداروں کو کروڑوں روپیوں کا نقصان پہنچا ہے ۔ میں ریاستی انتظامیہ اورحکومت تلنگانہ سے ملتمس ہوں کہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے ‘۔قابل ذکر ہے کہ حیدر آباد میں ہر سال لگنے والی کل ہند صنعتی نمائش میں گذشتہ شب بھیانک آگ کی واردات میں کشمیری دکانداروں کو بے تحاشہ نقصان پہنچا ہے ۔ اس نمائش میں 300 کے قریب اسٹالس کشمیریوں نے لگائے تھے جن میں سے بیشتر مکمل طور پر خاکستر ہوئے ہیں۔