حیدرآباد میں 44.75 فیصد اور سکندرآباد میں 46.26 فیصد رائے دہی

پارلیمانی انتخابات
حیدرآباد میں 44.75 فیصد اور سکندرآباد میں 46.26 فیصد رائے دہی
شہر کے دونوں حلقوں کے فیصد میں ریکارڈ اضافہ ، ڈسٹرکٹ الیکٹورل حیدرآباد سے اعداد و شمار کی اجرائی
حیدرآباد12اپریل(سیاست نیوز) ضلع الکٹور ل آفیسر حیدرآباد مسٹر دانا کشور نے آج حلقہ پارلیمنٹ حیدرآباد و سکندرآبادمیں ہوئی رائے دہی کے قطعی فیصد جاری کردئیے ہیں ۔ آج جاری کردہ رائے دہی کے اعداد و شمار کے مطابق حلقہ پارلیمنٹ حیدرآباد میں 8لاکھ 76ہزار 78 رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا جو کہ جملہ 44.75فیصد ہے۔ تفصیلات کے مطابق حلقہ لوک سبھا حیدرآباد میں 4لاکھ 77ہزار929 مرد رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا جبکہ 3 لاکھ 98 ہزار 145 خاتون رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ۔ جملہ رائے دہندوں میں 4 تیسری جنس سے تعلق رکھنے والوں نے بھی اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ۔ رٹرننگ آفیسر حلقہ پارلیمنٹ حیدرآباد کی جانب سے جاری کی جانے والی تفصیلات کے مطابق حلقہ اسمبلی ملک پیٹ میں 1لاکھ 11ہزار 37رائے دہندوں نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا جبکہ حلقہ اسمبلی کاروان میں جملہ 1لاکھ 54ہزار 30رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ۔ حلقہ اسمبلی گوشہ محل میں 1لاکھ 30ہزار 906رائے دہندوں نے رائے دہی کے عمل میں حصہ لیا ۔ حلقہ اسمبلی چارمینار میں 94ہزار 963 رائے دہندوں نے اپنے حق سے استفادہ کیا جبکہ حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ میں 1لاکھ 35ہزار 471رائے دہندو ںنے اپنے حق کا استعمال کیا ۔حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں 1لاکھ 23ہزار303 رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا جبکہ حلقہ اسمبلی بہادر پورہ میں جملہ 1لاکھ 26ہزار 468رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا جبکہ حلقہ پارلیمنٹ سکندرآباد میں جملہ 9لاکھ 10ہزار437 رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا جو کہ مجموعی اعتبار سے 46.26 فیصد ہورہا ہے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق حلقہ جات پارلیمان حیدرآباد و سکندرآباد کے قطعی اعداد و شمار منظر عام پر آنے کے بعد ریاست میں سب سے کم رائے دہی کا فیصد حلقہ پارلیمنٹ حیدرآباد میں ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ گذشتہ یوم تک یہ کہا جا رہا تھا کہ سکندرآباد میں رائے دہی کا فیصد سب سے کم رہا لیکن اب یہ بات قطعیت پا چکی ہے کہ حلقہ پارلیمنٹ حیدرآباد میں سب سے کم رائے دہی ریکارڈ کی گئی ہے۔ حلقہ پارلیمنٹ سکندرآباد کے حدود میں موجود حلقہ جات اسمبلی میں رائے دہی کی تفصیلات بھی جاری کی جا چکی ہیں اور ان تفصیلات کے مطابق حلقہ اسمبلی مشیرآباد میں 1لاکھ 38ہزار971 رائے دہندوں نے اپنے حق سے استفادہ کیا جبکہ حلقہ اسمبلی عنبر پیٹ میں 1لاکھ 31ہزار 905ووٹ ڈالے گئے ۔ حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں 1لاکھ 36ہزار 952 رائے دہندوں نے حصہ لیا ۔حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز میں 1لاکھ 41ہزار 400 رائے دہندوں نے حصہ لیا ۔اسی طرح حلقہ اسمبلی صنعت نگر میں 1لاکھ 16ہزا ر 21 رائے دہندوں نے اپنے حق سے استفادہ کیا ۔حلقہ اسمبلی نامپلی میں 1لاکھ 19ہزار916 رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ۔حلقہ اسمبلی سکندرآباد کے 1لاکھ 25ہزار872 امیدوارو ںنے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ۔شہر کے دونوں حلقہ جات پارلیمان کے فیصد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔گذشتہ یوم کے فیصد میں ہونے والے اضافہ کے متعلق شہریوں میں بے چینی پائی جانے لگی ہے۔