حیدرآباد میں 25 ہزار ناموں کی فہرست رائے دہندگان میں دوبارہ شمولیت

اسمبلی انتخابات کے بعد تقریباً دو لاکھ نئے ناموں کا اندراج: دانا کشور
حیدرآباد ۔ 10۔ اپریل (سیاست نیوز) حیدرآباد میں فہرست رائے دہندگان کی جانچ کے دوران ہزاروں ناموں کو خارج کردیا گیا تھا کیونکہ الیکشن کمیشن کو ان ناموں کی موجودگی کے بارے میں شکایات موصول ہوئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ خارج کردہ 25,000 رائے دہندوں کے نام دوبارہ فہرست میں شامل ہوچکے ہیں اور یہ رائے دہندے لوک سبھا انتخابات میں اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرپائیں گے ۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر دانا کشور نے بتایا کہ 7 لاکھ نام فہرست رائے دہندگان سے مختلف مراحل میں جانچ کے دوران اسمبلی انتخابات سے قبل خارج کئے گئے تھے۔ ان میں سے 25,000 نام جانچ میں درست پائے گئے، لہذا انہیں دوبارہ شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویریفیکیشن کیلئے تمام 7 لاکھ ناموں سے متعلق مکانات کا گھر گھر پہنچ کر جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسمبلی انتخابات کے بعد ایک لاکھ 91 ہزار 458 افراد نے اپنے نام درج کرائے جن میں پہلی مرتبہ نام شامل کرنے والے رائے دہندے بھی موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں لوک سبھا انتخابات کی رائے دہی میں 14 لاکھ 77 ہزار 703 رائے دہندے اپنے حق کا استعمال کریں گے ۔