حیدرآباد میں 1290 مراکز رائے دہی حساس

یاقوت پورہ سرفہرست ، چندرائن گٹہ اور چارمینار دوسرے نمبر پر ، پولیس فورس اور انتخابی مبصرین کی تعیناتی پر غور
حیدرآباد۔5نومبر(سیاست نیوز) شہر میں سب سے زیادہ حساس مراکز رائے دہی کی تعداد حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں ہے اور جبکہ دوسرے نمبر پر حساس مراکز رائے دہی کی تعداد کے اعتبار سے حلقہ جات اسمبلی چندرائن گٹہ اور چارمینار ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ‘ ضلع الکٹورل آفیسر اور محکمہ پولیس کی جانب سے شہر حیدرآباد کے 15حلقہ جات اسمبلی میں موجود تمام حساس مراکز رائے دہی کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور مراکز رائے دہی کی نگرانی اور کسی بھی طرح کے نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے اضافی پولیس فورس کی تعیناتی کے علاوہ مرکزی مبصرین کی تعیناتی کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں غور کیا جا رہاہے ۔ ضلع الکٹورل آفیسر اور محکمہ پولیس کی جانب سے نشاندہی کردہ حساس مراکز رائے دہی کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے انتخابی عہدیداروں نے بتایا کہ پر امن رائے دہی کو یقینی بنانے کے لئے ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ حیدرآباد میں موجود جملہ 3ہزار 826 مراکز رائے دہی میں 1ہزار 290 مراکز رائے دہی کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے اور مابقی 2ہزار 536 مراکز رائے دہی کو غیر حساس مراکز رائے دہی کے زمرہ میں شامل رکھا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں موجود جملہ 313 مراکز رائے دہی میں 170 مراکز رائے دہی کو حساس مراکز رائے دہی کی حساس مراکز رائے دہی کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے اور حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ میں موجود 299 مراکز رائے دہی میں 162 مراکز رائے دہی کو حساس قرار دیا گیا ہے جبکہ حلقہ اسمبلی چارمینار میں 198 مراکز رائے دہی میں 162 مراکز کو حساس قرار دیا گیا ہے اور تیسرے نمبرپر حلقہ اسمبلی بہادرپورہ کے مراکز رائے دہی ہیں جہاں جملہ 261 مراکز رائے دہی میں 131 مراکز رائے دہی کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ میں موجود 282 مراکز رائے دہی میں 73 مراکز رائے دہی کی حساس نوعیت کے مراکز رائے دہی کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے۔حلقہ اسمبلی نامپلی میں موجود جملہ 274مراکز رائے دہی میں 57 کو حساس جبکہ حلقہ اسمبلی کاروان میں 296 مراکز رائے دہی میں 55مراکز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ حلقہ اسمبلی سکندرآباد میں موجود 202 مراکز رائے دہی میں 42 مراکز رائے دہی کو حساس جبکہ سکندرآباد کنٹونمنٹ کے جملہ 232 مراکز رائے دہیمیں 68 کو حساس رائے دہی قرار دیا گیا ہے۔ضلع الکٹورل آفیسر کی جانب سے فراہم کی گئی تفصیلات کے مطابق جوبلی ہلز حلقہ اسمبلی میں 296 مراکز رائے دہی ہیں جن میں 103 حلقہ جات اسمبلی کو حساس قرار دیا گیا ہے جبکہ حلقہ اسمبلی عنبرپیٹ میں 233مراکز رائے دہی میں 75مراکز رائے دہی کو حساس حلقہ اسمبلی صنعت نگر میں 199 مراکز رائے دہی میں 44 مراکز رائے دہی کو حساس حلقہ اسمبلی مشیرآبادمیں 269 مراکز رائے دہی میں52 مراکز رائے دہی کو حساس قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ شہر حیدرآباد میں نشاندہی کردہ 1290 مراکز رائے دہی جنہیں حساس قرار دیا جا چکا ہے ان مراکز رائے دہی پر مرکزی مبصرین کی تعیناتی کے سلسلہ میں سفارش روانہ کردی گئی ہے۔